پاکستان سے ’برین ڈرین‘، تین برس میں 18 لاکھ سے زائد پروفیشنلز بیرون ملک منتقل، ماہرین بھی شامل
پاکستان سے ’برین ڈرین‘، تین برس میں 18 لاکھ سے زائد پروفیشنلز بیرون ملک منتقل، ماہرین بھی شامل
جمعہ 16 اکتوبر 2026 12:37
بیرون ملک جانے والوں میں بڑی تعداد میں ڈاکٹر، انجینیئر، آئی ٹی پروفیشنلز، مینیجرز اور اساتذہ جیسے اعلیٰ تعلیم یافتہ اور ماہرین شامل ہیں (فوٹو: روئٹرز)
پاکستان سے روزگار کی تلاش میں بیرون ملک جانے والے شہریوں کے سرکاری اعداد و شمار سامنے آئے ہیں جن کے مطابق پچھلے تین برسوں (2024 سے 2026) کے دوران مجموعی طور پر 18 لاکھ 71 ہزار 666 پاکستانی بیرون ملک منتقل ہوئے۔
بیرون ملک جانے والوں میں بڑی تعداد میں ڈاکٹر، انجینیئر، آئی ٹی پروفیشنلز، مینیجرز اور اساتذہ جیسے اعلیٰ تعلیم یافتہ اور ماہرین شامل ہیں۔
وزارت برائے سمندر پار پاکستان و ترقی انسانی وسائل کی جانب سے جاری کردہ دستاویز کے مطابق اعلیٰ تعلیم یافتہ طبقے میں سے سال 2024 میں 45 ہزار 830، سال 2025 میں 28 ہزار 726 جبکہ 2026 میں اب تک 15 ہزار 850 افراد روزگار کے لیے بیرون ملک گئے ہیں۔
یہ بھی بتایا گیا ہے کہ انتظامی و فنی شعبوں سے وابستہ افراد کی بڑی تعداد نے بیرون ملک کا رخ کیا۔
مینیجرز کی کیٹیگری میں 2024 میں 23 ہزار 674، 2025 میں 9 ہزار 562 اور 2026 میں 5 ہزار 190 افراد بیرون ملک منتقل ہوئے۔
اسی طرح انجینیئرز کی تعداد 2024 میں 8 ہزار 15، 2025 میں 5 ہزار 945 اور 2026 میں 3 ہزار 605 رہی۔
اکاؤنٹس کے شعبے میں 2024 میں 4 ہزار 779، 2025 میں 4 ہزار 305 اور 2026 میں 1 ہزار 771 افراد نے بیرون ملک ملازمتیں حاصل کیں۔
صحت اور تعلیم کے اہم شعبوں سے وابستہ پیشہ ور افراد کا بھی ملک چھوڑ کر جانا جاری ہے۔
پچھلے تین برسوں میں بالترتیب 3 ہزار 625 (2024)، 3 ہزار 795 (2025) اور 2 ہزار 93 (2026) ڈاکٹرز بیرون ملک گئے۔
انتظامی و فنی شعبوں سے وابستہ افراد کی بڑی تعداد نے بیرون ملک کا رخ کیا (فوٹو: عرب نیوز)
سرکاری دستاویز میں نرسوں کی تعداد 2024 میں 2 ہزار 30، 2025 میں 1 ہزار 639 اور 2026 میں 626 درج کی گئی۔
تعلیمی شعبے سے 2024 میں 1 ہزار 729، 2025 میں 1 ہزار 725 اور 2026 میں 1 ہزار 457 اساتذہ بیرون ملک منتقل ہوئے۔
علاوہ ازیں فارماسسٹس اور ڈینٹل سرجنز کی ایک تعداد بھی ان تین برسوں کے دوران بیرون ملک چلی گئی۔
انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) اور دیگر تکنیکی و مالیاتی شعبوں کی تفصیلات کے مطابق بیرون ملک جانے والے کمپیوٹر پروگرامرز کی تعداد 2024 میں 1 ہزار 351، 2025 میں 1 ہزار 147 اور 2026 میں 664 رہی۔
سسٹم اینالسٹس کی مد میں بالترتیب 388، 362 اور 243 افراد باہر گئے۔
مالیاتی تجزیہ کاروں (فنانشل اینالسٹس) میں 2024 میں 683، 2025 میں 923 اور 2026 میں 424 افراد نے بیرون ملک روزگار اختیار کیا۔
دستاویزات میں مزید بتایا گیا ہے کہ دیگر کٹیگریز بشمول کنسلٹنٹس، بجٹ کنٹرولرز، پائلٹس اور اعلیٰ مہارت یافتہ کٹیگری سے تعلق رکھنے والے سیکڑوں افراد بھی گزشتہ تین برسوں کے دوران ملک سے باہر منتقل ہوئے ہیں۔
دوسری جانب ماہرین نے اتنی بڑی تعداد میں پروفیشنلز کے بیرون منتقل ہونے کو ملک سے برین ڈرین قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ یہ خوش آئند امر نہیں۔