Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی تارکین وطن کیلئے رہائشی کالونیاں مکمل کی جائیں گی، امجد ملک

    ریاض (جاوید اقبال ) اوورسیز پاکستانیز ایڈوائزری کونسل ’’او پی ایف ‘‘کے چیئرمین بیرسٹر امجد ملک نے کہا ہے کہ سعودی عرب میں پاکستانی تارکین کی تعداد  دوسرے ممالک سے زیادہ ہونے کی وجہ سے سب سے زیادہ کونسل کے ارکان کا انتخاب مملکت ہی سے کیا گیا ہے۔ وہ کونسل کے ارکان زاہد لطیف سندھو ، ناصر محمود  آرائیں اور محمود الحق ڈوگر کی طرف سے تنظیم کے ارکان اور عمائدین شہر کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے میں لندن سے بذریعہ ٹیلیفون خطاب کررہے تھے۔ تقریب کے مہمان خصوصی سفارتخانہ پاکستان کے کمیونٹی ویلفیئر اتاشی شیخ عبدالشکور تھے جبکہ اس موقع پر کمیونٹی ویلفیئر اتاشی محمود لطیف بھی موجود تھے۔ بیرسٹر امجد ملک نے کہا کہ او پی ایف کے زیر انتظام چلنے والے مدارس میں بہتری لانے کی کوششیں کی جارہی ہیں اور اسلام آباد ایئر پورٹ اور زون فائیو کی رہائشی اسکیموں کو بھی پایہء تکمیل تک پہنچانے کے لیے مساعی جاری تھیں۔ بیرسٹر امجد ملک نے واضح کیا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے 5,5 مرلہ کے مکانات تعمیر کرکے انہیں دینے کا پروگرام بھی زیر غور ہے۔ زاہد لطیف سندھو نے کہا کہ او پی ایف کی ایڈوائزری کونسل کا قیام ایک مثبت قدم تھا  اور  اسلام آباد میں قائم مدرسے کے علاوہ تنظیم کے ملک میں دیگر مدارس اپنا معیار قائم نہیں رکھ سکے تھے۔ محمود الحق ڈوگر نے چیئرمین کی ان مساعی کو سراہا جن کی وجہ سے اب متوفی پاکستانی مقیمین کی میتیں بلا معاوضہ لواحقین تک پہنچائی جارہی ہیں۔ بیگم تسنیم امجد نے واضح کیا کہ کو نسل کے ارکان کی معلومات حاصل کرکے ان کا ایک گروپ بنانا ایک کٹھن کام تھا ، تاہم انہوں نے شب و روز کی کوششوں سے اس کام کو پایہء تکمیل تک پہنچایا۔ سابق رکن محمد اصغر قریشی نے اپنے خطاب میں او پی ایف کی کارکردگی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ اس کے عہدیدار بیوروکریٹ صرف اپنے مفاد کا سوچتے تھے۔ معروف صحافی عبدالستار غزالی نے مشورہ دیا کہ تارکین وطن پر ہر قسم کے ٹیکس معاف کردیے جائیں۔ محمود لطیف نے کہا کہ مملکت میں مقیم 27 لاکھ 45 ہزار پاکستانیوں کی سفارتخانہ ہر طرح سے خدمت کر رہا ہے اور ان کے امور کے آسان حل کے لیے ایک نظام تشکیل دیا جارہا ہے۔ مہمان خصوصی شیخ عبدالشکور نے اپنے خطاب میں واضح کیا کہ دمام ، جدہ اور ریاض میں پاکستانی مدارس کی عمارات کی تعمیر کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ 35 ہزار خاندانوں کے بچے زیر تعلیم ہیں اور یہ کہ عمارات کی تکمیل کے بعد انہیں مزید آسانیاں میسر ہوجائیں گی۔ فیصل علوی کی تلاوت قرآن پاک سے تقریب کا آغاز ہوا۔ عابد شمعون چاند نے نعت رسول مقبول ؑپڑھی، معروف شاعر رانا خادم عبدالوحید فتح محمد کی دعا پر تقریب کا اختتام ہوا۔ خالد اکرم رانا نے نظامت کے فرائض ادا کئے۔
 

شیئر: