Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جازان میں سمندر پر بنا ’ممر الغروب‘ تفریح کا بہترین مقام

’غروبِ آفتاب کی گزرگاہ‘ سمندر کے اندر 6 سو میٹر تک جاتی ہے (فوٹو: ایس پی اے)
جازان ریجن میں سمندر کے اندر تک بنے 600 میٹر طویل پل نے ساحلی تفریح کو نیا رخ دے دیا ہے، جہاں شہری اور سیاح بحیرہ احمر کے پانیوں میں غروبِ آفتاب کے دلکش منظر سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق عصرِ حاضر کی سہولتوں سے آراستہ یہ منصوبہ جازان کے ساحل کو ایک منفرد سیاحتی اور تفریحی مقام میں تبدیل کرنے کی کوشش ہے۔
سمندر کے اندر تک جانے والا ’واک وے‘ اس انداز سے بنایا گیا ہے کہ وہاں تفریح کے لیے آنے والوں کے لیے بیٹھنے کے مقامات اور حفاظتی رکاوٹوں کے علاوہ رات کے وقت روشنی کا بھی بہترین انتظام موجود ہے۔
تفریحی منصوبوں میں ’ممرالغروب‘ (غروب آفتاب کی گزرگاہ) نمایاں ہے، جو سمندر کے اندر 6 سو میٹر دور تک جاتی ہے۔ جازان ریجن کی بلدیہ کی جانب سے ساحل کے ترقیاتی منصوبے کے تحت مختلف مقامات پر 55 نشستیں، واکنگ ٹریکس، کھیل کے لیے گراؤنڈ، پارکنگ لاٹس، عوامی سہولتیں اور کمرشل ایریا بھی مخصوص کیا گیا ہے۔
تفریحی مقام کی انفرادیت یہ ہے کہ یہاں آنے والے بتدریج خشکی سے سمندر کے کھلے ماحول میں داخل ہوتے ہیں، جہاں وہ اردگرد کے پانی میں مچھلیوں اور دیگر آبی حیات کا مشاہدہ بھی کرسکتے ہیں۔
غروبِ آفتاب کے وقت سمندر کی سطح پر رنگوں کے عکس دلکش منظر پیش کرتے ہیں، جبکہ رات کے وقت ستاروں کو دیکھنے، تصاویر بنانے اور روزمرہ کی مصروفیات سے دور پُرسکون وقت گزارنے کا موقع ملتا ہے۔
ریجنل بلدیہ کے ترجمان ڈاکٹر ابراہیم الخیاط کا کہنا ہے کہ ان سہولتوں کا قیام عوامی مقامات کو جدید انداز میں ترقی دینے اور قدرتی وسائل سے فائدہ اٹھا کر سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کی کوششوں کا حصہ ہے، جو معیار زندگی کو بلند کرنے اور سعودی ویژن 2030 کے اہداف کی تکمیل میں ہم آہنگ ہیں۔

 

شیئر: