Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کا جازان: ایک ہی دن میں پہاڑوں، وادیوں اور ساحلوں کی سیر

ساحلی مقامات بھی دلکشی بھی سیاحوں کو متوجہ کر رہی ہے۔( فوٹو: ایس پی اے)
اکتوبر میں ہونے والی بارشوں کے بعد جازان ریجن کا قدرتی حسن نکھر کر سامنے آیا ہے جس کے ساتھ سیاحت کے لیے ایک نئے باب کا آغاز ہوا ہے۔
خطے کے پہاڑ، وادیاں اور کھیتوں کے علاوہ ساحلی مقامات کی دلکشی بھی سیاحوں کو اپنی جانب متوجہ کر رہی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق پہاڑی علاقوں میں موسمی آبشاریں چٹانوں سے نیچے گرتے ہوئے منفرد نظارہ پیش کرر ہی ہیں جبکہ سبزے کے درمیان سیڑھی دار کھیتوں کی خوبصورتی دیکھنے سے تعلق رکھتی ہے۔
وادیوں میں پانی کے بہاؤ نے سبزے میں اضافہ کر دیا جبکہ بستیوں اور قدرتی نظاروں پر دھند کا راج ہے۔ وادیوں اور کھیتوں سے گزرتی آبی گزر گاہیں قدرتی مناظرکو مزید نکھار دیا ہے، ایسے مناظر صرف برسات کے موسم میں ہی دیکھنے میں آتے ہیں۔
یہ بارشیں زراعت کے لیے بھی ایک خوش آئند پیغام لائی ہیں۔ زرعی زمینوں اور سیڑھی دار کھیتوں کو سیراب ہونے کا موقع ملا ہے۔ مویشیوں کے لیے قدرتی چراگاہیں دوبارہ آباد ہو رہی ہیں۔ یہ مقامات اب زرعی سیاحت (ایگری ٹورازم) کے مراکز بن چکے ہیں جہاں زرعی پیداوار اور دیہی طرز زندگی کو دیکھا جا سکتا ہے۔

ساحلی علاقوں اور جزیروں پر معتدل موسم سمندر کے کنارے چہل قدمی کے لیے بہترین ہے۔ پبلک پارکس اور ساحلی راستے پرسکون ماحول سے لطف اندوز ہونے کے مواقع فراہم کرتے ہیں۔
جازان کی ایک نمایاں خصوصیت یہ ہے کہ اس کے مختلف قدرتی ماحول ایک دوسرے کے قریب ہیں۔ سیاح ایک ہی دن میں پہاڑی چوٹیوں،وادیوں، دیہی فارمز اور ساحل سمندر کی سیر کر سکتے ہیں۔

بارشوں کے باعث سیاحتی سرگرمیوں میں اضافے کا فائدہ فرنشڈ اپارٹمنٹس، ریستورانوں، ٹرانسپورٹ، مقامی زرعی و دستکاری کی مصنوعات اور چھوٹے کا روباروں تک پہنچ رہا ہے۔
اگر یہ کہا جائے تو بے جا نہ ہو گا کہ ماہ اکتوبر کی بارشوں نے جازان کے قدرتی دیہی سیاحت کے امکانات کو مزید نمایاں کرتے ہوئے اسے سال بھر مختلف تجربات فراہم کرنے والی سیاحتی منزل کے طور پر اجاگر کیا ہے۔

 

شیئر: