سعودی عرب پر نئے حملے: اتحاد نے ریاض، الشرقیہ اور جنوبی علاقے میں چار ڈرون مار گرائے
ہفتہ 17 اکتوبر 2026 19:10
ابہا اور خمیس مشیط میں نیشنل ارلی وارننگ پلیٹ فارم سے وارننگ جاری کی گئی ( فوٹو: ایس پی اے)
یمن کی حکومت کی حمایت کرنے والے عرب اتحاد کے سرکاری ترجمان نے سنیچر کو کہا ہے کہ چند گھنٹوں کے دوران ریاض، الشرقیہ اور جنوبی ریجن میں حوثیوں کی جانب سے داغے جانے والے چار ڈرونز مار گرائے گئے۔
ایس پی اے کے مطابق میجر جنرل ترکی المالکی نے بیان میں کہا حوثیوں کے چار ڈرونز کو انٹرسیپٹ کرکے تباہ کیا گیا ہے۔
اس سے قبل سعودی سول ڈیفنس نے ابہا اور خمیس مشیط میں نیشنل ارلی وارننگ پلیٹ فارم سے وارننگ جاری کی تاہم بعد میں سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر کہا گیا کہ خطرہ ٹل گیا ہے۔
سول ڈیفنس نے وزارت داخلہ کی جانب سے جاری اس ہدایت کو دہرایا کہ ڈرونز اور میزائل گرنے کے مقامات سے متعلق فلم بندی، انہیں شائع یا شیئر کرنے سے گریز کیا جائے۔
یاد رہے عرب اتحاد نے جمعے کو ینبع، ریاض اور جنوبی ریجن پر ہونے والے ڈرون اور میزائل حملوں کو ناکام بنا نے کا اعلان کیا تھا۔
میجر جنرل ترکی المالکی نے بیان میں کہا گیا ینبع کی جانب داغے گئے ایک بیلسٹک میزائل جبکہ بحیرہ احمر کے اوپر دو کروز میزائلوں کو انٹرسیپٹ کرکے تباہ کیا گیا۔
ترجمان نے بتایا جنوبی ریجن اور ریاض کی جانب داغے گئے تین ڈرونز کو بھی تباہ کیا گیا۔
علاوہ ازیں اتحادی افواج کی جانب سے جاری پیغام میں زور دیا گیا کہ ’حوثی ملیشیا شہریوں، شہری تنصیبات، ہوائی اڈوں، بندرگاہوں اور انفراسٹرکچر کو نشانہ بنانے والی تمام دہشت گردانہ کارروائیوں کو فوری طور پر روک دے۔‘
