نجران ہیلی کاپٹر حادثہ: امارات، بحرین اور عمان کی سعودی عرب کے ساتھ تعزیت
اتوار کو ہونے والے حادثے میں دو افسران جان سے گئے تھے (فائل فوٹو: عرب نیوز)
متحدہ عرب امارات (یو اے ای)، بحرین اور عمان نے سعودی عرب کے ساتھ ہیلی کاپٹر حادثے اور اس میں دو افسران کی موت پر افسوس کا اظہار کیا ہے جو نجران کے علاقے میں تکنیکی خرابی کی وجہ سے گر کر تباہ ہو گیا تھا۔
ایس پی اے کے مطابق تینوں ممالک کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیانات میں سعودی قیادت، حکومت اور عوام سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔
تینوں ممالک نے اس مشکل وقت میں سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید افسران کے اہلِ خانہ کو صبر عطا کرے۔
اتوار کو یمن کی قانونی حکومت کی بحالی کے لیے سرگرم اتحادی فوج کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے بتایا تھا کہ ’سعودی اے ایچ سکس آئی ہیلی کاپٹر فنی خرابی کے باعث نجران کے علاقے میں گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں اس میں سوار دونوں اہلکار شہید ہو گئے۔‘
بیان میں یہ بھی بتایا گیا تھا کہ کاپٹر سعودی وزارت نیشنل گارڈز کے دائرہ اختیار میں آںے والے علاقے میں گرا۔