سعودی اور اردنی وزرائے خارجہ کا بڑھتی علاقائی کشیدگی کے درمیان ہم آہنگی پر زور
ہفتہ 17 اکتوبر 2026 21:04
کشیدگی کے اثرات کو کم کرنے کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ( فائل فوٹو)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے سنیچر کو اردن کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ ایمن الصفدی نے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق رابطے کے دوران خطے کی حالیہ صورتحال، تنازعات سے نمٹنے، علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر ان کے اثرات کو کم کرنے کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
انہوں نے موجودہ چیلنجز کے حوالے سے کوآرڈینیشن اور مشاورت جاری رکھنے کی اہمیت پر بھی بات کی۔
وزرائے خارجہ نے اپنی سلامتی اور استحکام کو درپیش کسی بھی خطرے کا مقابلہ کرنے کے حوالے سے دونوں ملکوں کے درمیان یکجہتی، علاقائی سلامتی اور عوام کے مفادات کے تحفظ کے لیے عزم کا اعادہ کیا۔
یہ بات چیت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب یمن میں ایران کی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا کی جانب سے سعودی عرب پر حملوں میں شدت آئی ہے جن میں سول انفرا سٹرکچر اور ایئرپورٹس کو نشانہ بنانے والے میزائل اور ڈرون حملے شامل ہیں۔
ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے بتایا کہ سنیچر کو یمن میں قانونی حکومت کی بحالی کے لیے قائم اتحاد نے ریاض اور مملکت کے مشرقی اور جنوبی علاقوں کے اوپر چار ڈرونز کو روک کر تباہ کیا ہے۔
اردن بارہا ان حملوں کی مذمت کی اور انہیں سعودی خود مختاری اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی قرار دیا۔
