Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بلی کا سوتے وقت کیا جانے والا یہ دل کو چھو لینے والا اشارہ آپ کو معلوم ہے؟

بہت سے دوسرے ممالیہ جانوروں کی طرح بلیاں بھی خواب دیکھتی ہیں، کیونکہ یہ ایک اہم حیاتیاتی عمل ہے (فوٹو: گیٹی)
بلیوں کی ایک ایسی دل موہ لینے والی عادت ہے جو یہ اُس وقت نمایاں ہوتی ہے جب یہ سو رہی ہوتی ہیں، اور یہ عادت خراٹے لینے کی نہیں ہے۔
دنیا بھر میں لاکھوں لوگ اپنے گھروں میں پالتو جانور رکھتے ہیں، اور بلیاں ہمیشہ مقبول ترین پالتو جانوروں میں شمار ہوتی ہیں۔ اِن کی دیکھ بھال نسبتاً آسان ہوتی ہے، کیوں کہ اِنہیں کتوں کی طرح روزانہ سیر کے لیے باہر لے جانے کی ضرورت نہیں پڑتی۔
بلیاں جہاں محبت کرنے والی اور پیار سے لپٹنے والی ہوتی ہیں، وہیں لوگ اِن کی مخصوص خودمختاری اور کبھی کبھار بے نیازی کے انداز کو بھی پسند کرتے ہیں۔ علاوہ ازیں، بلیاں کتوں کے مقابلے میں خاصی خاموش طبع ہوتی ہیں، کیوں کہ وہ عموماً ایسی بلند آوازیں نہیں نکالتیں جو پڑوسیوں کے لیے پریشانی کا باعث بنیں۔
بلی کو پیار سے سہلانا ذہنی دباؤ کم کرنے کا ایک مؤثر طریقہ بھی سمجھا جاتا ہے، کیونکہ اس سے انسانی جسم میں تناؤ سے وابستہ ہارمون کورٹیسول کی سطح کم ہو سکتی ہے۔ طبی رہنمائی فراہم کرنے والی ویب سائٹ ’ہیلپ گائیڈ‘ کے مطابق، سائنسی شواہد یہ بھی ظاہر کرتے ہیں کہ بلی کے گلے سے نکلنے والی گڑگڑاہٹ جیسی آواز اعصابی نظام کو پرسکون کرنے کے علاوہ بلڈ پریشر کو کم کر سکتی ہے۔
بہت سے پالتو جانور دن کے مختلف اوقات میں اونگھتے اور سوتے رہتے ہیں۔ انسانوں میں خراٹے لینے کو عموماً ایک ناخوش گوار اور پریشان کن عادت سمجھا جاتا ہے، لیکن جانوروں کے خراٹوں کو اکثر پیارا اور دل لبھانے والا تصور کیا جاتا ہے۔
بلیوں کا سونا کوئی غیر معمولی بات نہیں۔ اِن میں سے اگرچہ بعض خراٹے بھی لیتی ہیں، لیکن یہ وہ دل کش عادت نہیں جس نے اِن کے مالکوں کے دل جیت رکھے ہیں۔
بالغ بلیاں روزانہ تقریباً 12 سے 18 گھنٹے سوتی ہیں۔ ماہرین کے مطابق، اِس دوران وہ ایک ایسا کام بھی کرتی ہیں جس کی توقع بہت کم لوگوں کو ہوتی ہے اور وہ اِن کا خواب دیکھنا ہے۔
پالتو جانوروں کی صحت سے متعلق ویب سائٹ ’پیٹ ایم ڈی‘ کے مطابق، بہت سے دوسرے ممالیہ جانوروں کی طرح بلیاں بھی خواب دیکھتی ہیں، کیونکہ یہ ایک اہم حیاتیاتی عمل ہے جو دماغ کو دن بھر کی سرگرمیوں کو سمجھنے اور اِن پر عمل درآمد کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔

بلی کو پیار سے سہلانے سے انسانی جسم میں تناؤ سے وابستہ ہارمون کورٹیسول کی سطح کم ہو سکتی ہے (فوٹو: کیٹسٹر)

کچھ ایسی علامات ہیں جن سے یہ اندازہ لگایا جا  سکتا ہے کہ بلی خواب دیکھ رہی ہے۔ اِن میں جسم کے مختلف حصوں کا پھڑکنا، خصوصاً پنجوں اور مونچھوں کا ہلنا، جسم میں حرکت ہونا، دوڑنے جیسی حرکات پیدا کرنا، چہچہانے یا گڑگڑانے جیسی آوازیں نکالنا، دبی دبی میاؤں میاؤں کرنا اور چہرے کے مختلف تاثرات ظاہر کرنا شامل ہیں۔
لیکن بلیاں حقیقت میں خوابوں میں کیا دیکھتی ہیں؟
’پیٹ ایم ڈی‘کے مطابق، یہ اگرچہ معلوم نہیں کہ بلیاں اپنے خوابوں میں خاص طور پر کیا دیکھتی ہیں، لیکن غالب امکان ہے کہ اُن کا دماغ دن بھر کی سرگرمیوں کا جائزہ لیتا، یادوں کو مستحکم کرتا اور مختلف تجربات کو ذہنی طور پر ترتیب دیتا ہے۔
یہ اگرچہ یقین سے نہیں کہا جا سکتا کہ بلیاں خوابوں میں کیا دیکھتی ہیں، تاہم اس بات کا قوی امکان ہے کہ ان کے خوابوں میں ان کے مالکوں کا حصہ نمایاں ہوتا ہے۔
اِس کی وجہ یہ ہے کہ بہت سے ممالیہ جانور خوابوں کے ذریعے اپنے تجربات اور پیش آنے والے واقعات کو ذہنی طور پر سمجھنے کی کوشش کرتے ہیں۔ ’پیٹ ایم ڈی‘ کے مطابق، یہ توقع کرنا معقول ہے کہ بلیاں رات کو اپنے روزمرہ کے تجربات کو خوابوں میں دوبارہ دیکھتی ہوں گی، ممکن ہے کہ اِن میں تخیل کے کچھ اضافی عناصر بھی شامل ہو جائیں۔
ویب سائٹ مزید کہتی ہے کہ ’بلیاں غالباً اپنے انسانی والدین، یعنی اپنی دیکھ بھال کرنے والے مالکوں، اپنی دوستوں اور حتیٰ کہ اپنے دشمنوں کے بارے میں بھی خواب دیکھتی ہیں۔‘
علاوہ ازیں، بلیوں کے خوابوں میں اُن کے روزمرہ کے پسندیدہ معمولات اور مشاغل بھی شامل ہو سکتے ہیں، مثلاً کھیل کھیلنا، کھلونوں سے کھیلنا، کھانا کھانا، شکار کرنا، نئی جگہوں کو کھوجنا اور دوسری سرگرمیاں انجام دینا۔
بلیوں کے خوابوں میں ان کے مالک بھی شامل ہوتے ہیں
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹک ٹاک پر مقبول اکاؤنٹ ’اوریو اینڈ پمپکن سپائس‘ نے ایک ویڈیو شیئر کی ہے، جس میں دو بلیوں اوریو اور پمپکن سپائس کی زندگی دکھائی جاتی ہے۔ اِن دونوں کو ’بچائی گئی بہنیں‘ کہا جاتا ہے۔

بلیوں کے خوابوں میں اُن کے روزمرہ کے پسندیدہ معمولات اور مشاغل بھی شامل ہو سکتے ہیں (فوٹو: گیٹی)

ویڈیو میں ایک بلی گہری نیند سو رہی ہوتی ہے۔ اِس دوران پس منظر میں ایک راوی کہتا ہے:
’بلیوں کے حوالے سے آج کی دلچسپ معلومات پیشِ خدمت ہیں۔ دراصل آپ اپنی بلی کے خوابوں میں بھی ہوتے ہیں۔ بلیاں اپنے مالکوں کے بارے میں خواب دیکھتی ہیں اور سوتے ہوئے اپنے دن بھر کے تجربات کی جھلکیاں یاد کرتی ہیں۔‘
ویڈیو کے تبصروں میں ایک پالتو بلی کے مالک نے لکھا کہ ’یہ جان کر اچھا لگا کہ میری بلیاں میرے بارے میں سوچتی ہیں۔‘
ایک اور شخص نے پُرمزاح انداز میں تبصرہ کیا کہ ’مجھے امید ہے کہ اس نے اپنے خواب میں میرے ساتھ اچھا برتاؤ کیا ہوگا۔‘

شیئر: