کیا ورزش کے بغیر وزن گھٹانا ممکن ہے؟ تحقیق نے کون سی غذائیں مؤثر قرار دیں
کسی ایک غذا سے جسم کے مخصوص حصے، مثلاً صرف پیٹ کی چربی، کم کرنے کی ضمانت نہیں دی جا سکتی (فوٹو: پکسابے)
وزن کم کرنے کے لیے ورزش کو عموماً بنیادی اہمیت دی جاتی ہے تاہم غذائی عادات میں چند سادہ تبدیلیاں بھی جسمانی وزن کو قابو میں رکھنے اور پیٹ کے گرد چربی جمع ہونے کے خطرات کم کرنے میں مدد دے سکتی ہیں۔
برطانوی اخبار دی ٹیلی گراف کی ایک رپورٹ کے مطابق عمر بڑھنے کے ساتھ ہارمونز اور جسم کے میٹابولزم میں تبدیلیاں رونما ہوتی ہیں، جس کے نتیجے میں بعض افراد کے پیٹ کے گرد چربی بڑھنے لگتی ہے۔ رپورٹ میں چھ ایسے غذائی طریقوں کی نشاندہی کی گئی ہے جو وزن کو قابو میں رکھنے میں معاون ہو سکتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ان طریقوں میں سب سے پہلے کمچی اور دہی جیسی خمیر شدہ غذاؤں کا استعمال شامل ہے۔ جنوبی کوریا کی چونگ آنگ یونیورسٹی کے محققین کی 2024 میں شائع ہونے والی تحقیق میں بتایا گیا کہ روزانہ تین مرتبہ تک کمچی کھانے والے مردوں میں موٹاپے اور پیٹ کے گرد چربی جمع ہونے کا امکان نسبتاً کم دیکھا گیا۔ کمچی میں موجود پروبائیوٹکس آنتوں میں مفید بیکٹیریا کی افزائش میں مدد دیتے ہیں۔
دوسرا اہم طریقہ اضافی یا آزاد شکر کا استعمال کم کرنا ہے۔ میٹھے مشروبات، کیک، بسکٹ، ناشتے کے میٹھے سیریلز اور پراسیس شدہ غذاؤں میں شامل شکر وزن اور پیٹ کی چربی میں اضافے کا سبب بن سکتی ہے۔ تاہم پھلوں میں قدرتی طور پر موجود شکر کو فائبر اور دیگر غذائی اجزا کے باعث اس سے مختلف قرار دیا گیا ہے۔
رپورٹ میں پروٹین سے بھرپور غذاؤں کو بھی اہم قرار دیا گیا ہے۔ انڈے، مچھلی، دالیں، گری دار میوے، کم چکنائی والا گوشت اور دودھ سے بنی اشیا پروٹین کے اچھے ذرائع ہیں۔ طبی جریدے ’نیوٹریشن اینڈ میٹابولزم‘ میں شائع ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق، معیاری پروٹین کا زیادہ استعمال پیٹ کے گرد چربی کی کم مقدار سے منسلک ہے۔
اسی طرح روزانہ تقریباً 30 گرام فائبر استعمال کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ ثابت اناج، دالیں، پھلیاں، سبزیاں اور گری دار میوے فائبر کے اچھے ذرائع ہیں، جو بھوک اور خون میں شکر کی سطح کو قابو میں رکھنے میں مدد دیتے ہیں۔
پانچویں تجویز سبز چائے کا استعمال ہے۔ 2012 میں ہونے والی ایک بے ترتیب کنٹرول شدہ تحقیق میں 118 افراد کو 12 ہفتوں تک کیٹیچنز (Catechins) نامی اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور سبز چائے کا مشروب دیا گیا۔ تحقیق میں اس گروپ کے افراد کے پیٹ کے اندرونی حصے میں جمع ہونے والی چربی میں نمایاں کمی دیکھی گئی۔
چھٹی تجویز اومیگا تھری سے بھرپور غذاؤں کا استعمال ہے، جن میں مچھلی خصوصاً سارڈینز، سالمون اور دیگر چکنی مچھلیاں شامل ہیں۔ 2022 میں طبی جریدے ’نیوٹریسیون ہاسپٹالاریا‘ میں شائع ہونے والی تحقیق میں 40 زائد وزن یا موٹاپے کے شکار افراد کا جائزہ لیا گیا۔ نتائج کے مطابق وزن کم کرنے والی غذا کے ساتھ اومیگا تھری استعمال کرنے والے افراد میں پیٹ کی چربی کی مقدار اور شرح میں نسبتاً زیادہ کمی ریکارڈ کی گئی۔
برطانوی محکمہ صحت (این ایچ ایس) بھی متوازن غذا کے حصے کے طور پر بالغ افراد کو روزانہ 30 گرام فائبر استعمال کرنے کی سفارش کرتا ہے۔
تاہم ماہرین کے مطابق کسی ایک غذا سے جسم کے مخصوص حصے، مثلاً صرف پیٹ کی چربی، کم کرنے کی ضمانت نہیں دی جا سکتی۔ ان غذائی تبدیلیوں کو متوازن خوراک اور صحت مند طرزِ زندگی کے ساتھ اپنانا ضروری ہے۔
