جدہ: مرجان کی چٹانیں جو سمندری حیات کا تحفظ کرتی ہیں
مرجان کی چٹانیں آبی حیات کو قدرتی مسکن فراہم کرتی ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
بحیرۂ احمر کی سطح پر سفر کرنے والی کشتیوں اور اس کی گہرائیوں میں بسنے والی حیات کے ساتھ جدہ کے ساحل کے قریب مرجان کی چٹانیں حیاتیاتی تنوع کا اہم حصہ ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق مرجان کی چٹانیں قدرتی مسکن بناتی ہیں جو مختلف اقسام کی مچھلیوں اور سمندری جانداروں کے لیے پناہ گاہوں اور افزائش کے لیے اہم ہیں۔
سعودی ریڈ سی اتھارٹی کی جانب سے ساحلی سرگرمیوں کو منظم کرنے کے ساتھ سمندری ماحول کے تحفظ اور پائیداری کے لیے آگاہی پروگرام پر عمل کیا جا رہا ہے۔
آگاہی مہم کے تحت کشتیوں کو مرجان کی چٹانوں اور سمندری گھاس کے اوپر لنگر انداز نہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ یہ بھی کہا گیا کہ سمندری جانداروں کو نہ چھوئیں اور سیپیاں جمع کرنے سے بھی گریز کیا جائے۔
اتھارٹی نے تفریحی کشتیوں کے کرائے سے متعلق بھی ضوابط جاری کیے ہیں جن میں سمندری ٹور آپریٹرز کو مرجان کی چٹانوں اور آبی حیات کی تنوع کے تحفظ کے طریقوں پر عمل کرنے، سیاحوں کے ذمہ دارانہ طرز عمل اور صرف منظور شدہ سمندری مقامات پر سرگرمیاں کرنے کی پابندی پر عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

اتھارٹی کی حالیہ ساحلی سیاحتی سرگرمیوں کی گائیڈ میں غوطہ خوری کے مقامات جن میں دقیس، ابو مدافع او رام الحجر شامل ہیں، کی نشاندہی بھی کی گئی ہے۔
یہ مقامات اپنی مرجانی ساخت اور متنوع سمندری حیات کے حوالے سے بھی مشہور ہیں جس کے باعث وہاں سیاحتی سرگرمیوں کے دوران احتیاط ضروری ہے۔

مرجان کی چٹانیں براہ راست انسانوں کی مداخلت سے متاثر ہو سکتی ہیں جبکہ ان پر لنگر گرانے یا غوطہ خوری کے دوران انہیں چھونے سے بھی نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہو سکتا ہے۔
اسی لیے ان کا تحفظ صرف تحقیق اور بحالی کے منصوبوں تک محدود نہیں بلکہ سمندر میں آنے والوں کے روزمرہ طرز عمل اور ماحولیاتی ہدایات کی پابندی بھی بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔
