قدیم تہذیبوں کی تلاش: العلا اور خیبر میں کھدائی اور تحقیق کا نیا سلسلہ
العلا رائل کمیشن کی جانب سے العلا اور خیبر میں شروع کیے جانے والے آثار قدیمہ سیزن کے تحت ’دادان‘ کے مقام پر کھدائی اور تحقیق کا سلسلہ جاری ہے۔
ان سرگرمیوں کا مقصد تاریخی مقامات کا مطالعہ اور ایسے شواہد دریافت کرنا ہے جو جزیرہ نمائے عرب کے شمال مغربی خطے میں قدیم تہذیبوں کے ارتقا کو سمجھنے میں مدد فراہم کریں۔
سعودی پریس ایجنسی نے العُلا کے علاقے میں واقع قدیم مقام دادان میں جاری آثارِ قدیمہ کی کھدائی کی تصاویر جاری کی ہیں۔ منصوبے کے دوسرے مرحلے میں قدیم مقبروں اور رہائشی علاقوں کے مطالعے پر توجہ دی جا رہی ہے۔ یہ کام گزشتہ پانچ برسوں کے دوران ہونے والی تحقیق کے نتائج کی روشنی میں آگے بڑھایا جا رہا ہے۔
پانچ سال کی تحقیق کی بنیاد پر کیے جانے والے اس کام کا مقصد قدیم شہر کے ارتقا، انسانی آبادکاری کے انداز اور روز مرہ کی زندگی کے بارے میں مزید معلومات فراہم کرنا ہے۔
موجودہ سیزن کے دوران تاریخی مقامات، دریافت ہونے والی اشیا کا خصوصی مطالعہ اور ڈیجیٹل دستاویز کی تیاری شامل ہے۔ ان سرگرمیوں میں سعودی ماہرین اور متعلقہ شعبوں کے تربیت یافتہ عملے کے علاوہ یونیورسٹی سے طلبہ بھی حصہ لے رہے ہیں۔
خیبر کے علاقے میں جاری تحقیقی منصوبوں کے تحت مختلف تاریخی ادوار میں انسان اور نخلستان کے باہمی تعلق کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ اس مقصد کے لیے قدیم ماحول اور قدرتی وسائل کا مطالعہ کیا جا رہا ہے۔

علاوہ ازیں ایسی تحقیقات بھی جاری ہیں جن میں پتھر کے جدید دور سے لے کر اسلامی ادوار تک خیبر میں انسانی موجودگی کے آثار کا سراغ لگایا جا رہا ہے۔
واضح رہے یہ سرگرمیاں العلا رائل کمیشن کی سائنسی تحقیق کے فروغ ، ثقافتی ورثے کے تحفظ اور آثارِ قدیمہ کے شعبوں میں قومی صلاحیتوں کو ترقی دینے کی کوششوں کا حصہ ہیں۔
