العلا ’اپنی تاریخ، قدرتی مناظر اور ثقافت‘ کے باعث سال بھر سیاحتوں کی توجہ کا مرکز
العلا میں سال بھر مختلف پروگرام جاری رہتے ہیں (فوٹو: ایس پی اے)ا
العلا گورنریٹ عالمی سیاحتی نقشے پر اپنی شناخت مسلسل مضبوط کر رہا ہے جس کی بنیاد ہزاروں سال قدیم تہذیبی ورثے اور متنوع قدرتی مناظر پر ہے جہاں آثارِ قدیمہ، منفرد چٹانی ساختیں، زرعی نخلستان، فنون اور سیاحتی تجربات ایک ساتھ موجود ہیں۔ ۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق اس کے ساتھ ساتھ یہاں مہمان نوازی کی سہولیات، خدمات اور سال بھر مہمانوں کا خیرمقدم کرنے والی سرگرمیوں کا ایک بڑھتا ہوا نظام بھی موجود ہے۔
یہ موقع 27 ستمبر کو منائے جانے والے عالمی یومِ سیاحت سے بھی مطابقت رکھتا ہے جو سیاحت کے شعبے کی اہمیت اور اقوام کے درمیان رابطے اور ثقافتی تبادلے کا ذریعہ ہونے کے ناطے اس کے کردار کو نمایاں کرتا ہے۔
العلا ایک ایسی منزل کی مثال پیش کرتا ہے جہاں تاریخ، قدرتی مناظر اور ثقافت ایک ہی تجربے میں یکجا ہو جاتے ہیں۔
قدیم تجارتی شاہراہوں پر واقع ہونے کی وجہ سے یہ تہذیبوں کا مرکز رہا جن کے اثرات پہاڑوں، چٹانوں، وادیوں اور نخلستانوں سے گھری اس کی قدیم عمارتوں، نقوش اور تاریخی طرزِ تعمیر میں آج بھی واضح ہیں۔
یہ گورنریٹ سال بھر جاری رہنے والے متنوع پروگراموں کی میزبانی بھی کرتا ہے جن میں فنون، موسیقی، کھیل، ایڈونچر، تفریح اور تاریخی و قدرتی مقامات کی سیر شامل ہیں، نیز ستاروں کا نظارہ کرنے اور صحرائی ماحول سے متعلق تجربات بھی موجود ہیں جو مختلف سیزن اور دلچسپی رکھنے والے سیاحوں کو بہترین مواقع فراہم کرتے ہیں۔

العلا کی بڑھتی ہوئی عالمی مقبولیت کا اندازہ حالیہ برسوں میں سیاحت اور سفر کے شعبے میں ملنے والے متعدد اعزازات اور درجہ بندیوں سے بھی ہوتا ہے جو بین الاقوامی سیاحتی منظر نامے پر اس کی پھیلتی ہوئی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔
