سعودی عرب اور پاکستان سمیت آٹھ ممالک کا اجلاس، مذاکرات کے ذریعے تنازعات حل کرنے پر زور
ہفتہ 24 اکتوبر 2026 17:50
امن واستحکام کے فروغ کے لیے بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب، پاکستان، ترکیہ اور مصر سمیت فرانس، جرمنی، اٹلی اور برطانیہ کے وزرائے خارجہ نے استنبول میں ملاقات کی ہے۔
آٹھ ملکوں کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں علاقائی اور بین الاقوامی اہمیت کے حامل امور زیرغور آئے۔ امریکہ، اسرائیل اور ایران کے درمیان تنا زع، اسرائیل، فلسطین تنازع اور دو ریاستی حل کی ضرورت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایس پی اے کے مطابق سعودی عرب اور یمنی حکومت کے خلاف حوثی ملیشیا کے ہولناک حملوں، جہازرانی کی آزادی اور سکیورٹی، آبنائے ہرمز، باب المندب اور بحیرہ اسود مں بڑھتی ہوئی کشیدگی پرؤ بھی بات کی گئی۔
انہوں نے خطے اور اس سے باہر امن و استحکام کو فروع دینے، ان ایشوز کے سکیورٹی، معاشی اور تجارتی اثرات سے نمٹنے کے لیے کی جانے والی سفارتی کوششوں میں کردار جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزرائے خارجہ نے علاقائی تنازعات کو اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کی روشنی میں بات چیت، سفارتکاری اور کشیدگی میں کمی کے ذریعے حل کرنے کی فروری ضرورت پر اتفاق کیا۔
انہوں نے دیگر تمام دیرینہ تنازعات کا پائیدارحل مذاکرات کے ذریعے تلاش کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
وزرائے خارجہ نے تنازعات کی روک تھام اور خطے میں امن واستحکام کے فروغ کے لیے اسی فارمیٹ میں بات چیت کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
یاد رہے گزشتہ روز سعودی عرب، ترکیہ،پاکستان اور مصر کے اجلاس کے بعد جاری ہونے والے مشترکہ اعلامیے میں اسرائیلی ’قبضے کو مشرق وسطی اور اس سے باہر عدم استحکام کا بنیادی وجہ‘ قرار دیا گیا۔
انہوں نے فلسطین میں دو ریاستی حل کے فوری نفاذ کے ساتھ ایران، اسرائیل اور امریکہ کی جنگ کو ختم کرنے کے لیے سفارتی کوششوں میں تیزی پر زور دیا۔
