ریاض پر میزائل حملے کی کوشش ناکام، اتحاد نے صنعا میں حوثیوں کے میزائل لانچر تباہ کر دیے
یمن میں سعودی قیادت میں قائم اتحاد نے کہا ہے کہ اس نے حوثیوں کے زیرِ کنٹرول دارالحکومت صنعا میں بیلسٹک میزائل داغنے والے دو لانچرز تباہ کر دیے ہیں۔ ان میں وہ لانچر بھی شامل ہے جس کے ذریعے ریاض کی جانب میزائل داغا گیا تھا تاہم سعودی فضائی دفاعی نظام نے اسے فضا میں ہی روک لیا تھا۔
عرب نیوز کے مطابق یمن میں آئینی حکومت کی حمایت کرنے والے اتحاد کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے پیر کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی پوسٹس میں اس کارروائی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اتحاد نے میزائل داغنے والے دونوں لانچنگ پلیٹ فارمز تباہ کر دیے ہیں۔
المالکی نے ایک علیحدہ پوسٹ میں کہا کہ ’حوثی ملیشیا کے بیلسٹک میزائل نیٹ ورک کو ختم کرنے کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔‘
اتحاد کے مطابق یہ جوابی کارروائی ریاض پر رات گئے کیے گئے میزائل حملے کے بعد کی گئی جسے سعودی فضائی دفاعی نظام نے روک کر تباہ کر دیا تھا۔
سعودی دارالحکومت ریاض کے شہریوں کی آنکھ علی الصبح تین بج کر 42 منٹ پر موبائل فون پر آنے والے شہری دفاع کے ہنگامی الرٹ سے کھلی جس میں ممکنہ فضائی خطرے سے خبردار کیا گیا تھا۔ چند منٹ بعد ایک اور الرٹ جاری کیا گیا جس میں بتایا گیا کہ خطرہ ٹل گیا ہے۔
المالکی نے بعد میں تصدیق کی کہ یمن کی حوثی ملیشیا کی جانب سے ریاض پر داغے گئے بیلسٹک میزائل کو فضا میں ہی روک کر تباہ کر دیا گیا۔