Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سائیکل چلانے کے 7 فوائد جن سے ہم صحت مند زندگی گزار سکتے ہیں

سائیکلنگ سے آپ دل کی بیماریوں سے نجات حاصل کر سکتے ہیں اور اپنے مسلز کو مضبوط بنا سکتے ہیں (فائل فوٹو: پِکسابے)
سائیکلنگ یعنی سائیکل چلانا ایک بہترین ورزش ہے جس سے ہم اپنا وزن کم کر سکتے ہیں، دل کی بیماریوں سے نجات حاصل کر سکتے ہیں اور اپنے مسلز کو مضبوط اور لچک دار بنا سکتے ہیں۔
این ڈی ٹی وی نے سائیکل چلانے کے 7 فوائد بتائے ہیں، آئیے جانتے ہیں وہ کیا ہیں۔
دل صحت مند رہتا ہے
سائیکل چلانے سے ہم دل کو مضبوط بنا سکتے ہیں، پھیپھڑوں کو صحت مند رکھنے کے ساتھ ساتھ دل کی ہر قسم کی صحت کو برقرار رکھ سکتے ہیں۔ اس سے ہمارا بلڈ پریشر کم ہوتا ہے، دل کی بیماریوں اور سٹروک سے نجات ملتی ہے۔
وزن کو قابو میں رکھا جا سکتا ہے
سائیکلنگ کیلوریز جلانے کا ایک موثر طریقہ ہے جس سے ہم اپنے جسم کے وزن کو قابو میں رکھ سکتے ہیں۔ یہ ہلکی پھلکی ورزش ہے جو کہ ہر عمر کے افراد کے لیے موثر ہے۔
مسلز مضبوط ہوتے ہیں اور لچک دار بنتے ہیں
سائیکلنگ زیادہ تر جسم کے نچلے حصے کے مسلز پر اثرانداز ہوتی ہے۔ اس سے مجمموعی طور پر مسلز مضبوط ہوتے ہیں اور اُن کی بناوٹ اچھی طرح سے بنتی ہے۔ اس کے علاوہ سائیکلنگ سے گھٹنے لچک دار بنتے ہیں۔
ذہنی صحت پر مثبت اثرات پڑتے ہیں
باقاعدگی سے سائیکل چلانے سے اینڈورفنز نامی ہارمُون ریلیز ہوتا ہے جس سے ہمارا مُوڈ قدرتی طریقے سے اچھا ہو جاتا ہے۔ اس سے ڈپریشن، بے چینی، ذہنی دباؤ کم ہوتا ہے اور انسان میں بھلائی اور خوشی کی لہر دوڑتی ہے۔

سائیکلنگ سے جوڑوں خاص طور پر گھٹنوں، کولہوں اور ٹخنوں کے کام کرنے کی صلاحیت بڑھ جاتی ہے (فائل فوٹو: پِکسابے)

پیچیدہ بیماریوں کو خطرہ کم ہوتا ہے
دل کی بیماریوں کے علاوہ سائیکلنگ سے دوسری پیچیدہ بیماریاں جیسے ٹائپ 2 ذیابیطس، کینسر اور موٹاپا ہونے کا خطرہ کم ہوتا ہے۔
ہڈیاں مضبوط ہوتی ہیں
سائیکلنگ ایک وزن برداشت کرنے والی ورزش ہے جس سے ہڈیاں مضبوط ہوتی ہیں جبکہ فریکچر اور اوسٹیوپروسس کا خطرہ بھی کم ہوتا ہے۔
جوڑوں کے کام کرنے کی صلاحیت بڑھ جاتی ہے
سائیکلنگ کم اثرانداز ہونے والی ورزش ہے جس سے جوڑوں پر ہلکا دباؤ پڑتا ہے۔ اس سے جوڑوں خاص طور پر گھٹنوں، کولہوں اور ٹخنوں کے کام کرنے کی صلاحیت بڑھ جاتی ہے۔

شیئر: