Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

افغانستان کے خلاف جیت: ’ ٹویٹس ڈیلیٹ کردیں، ہمارے پاس نسیم شاہ ہے‘

افغانستان نے پاکستان کو جیت کے لیے 301 رنز کا ہدف دیا تھا (فائل فوٹو: پی سی بی)
پاکستان نے سری لنکا کے شہر ہمبنٹوٹا میں افغانستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک رن سے شکست دے کر سیریز کا دوسرا ون ڈے جیت لیا اور سیریز بھی اپنے نام کرلی۔
جمعرات کو کھیلے گئے ون ڈے میچ میں افغانستان نے پاکستان کو جیت کے لیے 301 رنز کا ہدف دیا تھا۔
پاکستان کی افغانستان کے خلاف جیت نے کرکٹ شائقین کو ایشیا کپ کے اُس میچ کی یاد دلا دی جس میں نسیم شاہ نے دو چھکے لگا کر اپنی ٹیم کو جیت دلوائی تھی۔ آج بھی ایشیا کپ کی طرح آخری اوور میں نسیم شاہ کو فضلِ حق فاروقی کا ہی سامنا تھا۔
میچ کا 50 واں اوور شروع ہوا تو پاکستان کے آٹھ کھلاڑی آؤٹ ہوچکے تھے اور کریز پر نسیم شاہ اور شاداب خان موجود تھے۔
آخری اوور کی پہلی گیند سے پہلے ہی نان سٹرائیکر اینڈ پر موجود شاداب خان کریز سے نکلے اور فضلِ حق فاروقی نے انہیں رن آؤٹ کردیا جس کے نتیجے میں پاکستان کے آخری کھلاڑی حارث رؤف کو بیٹنگ کرنے آنا پڑا۔
پچاسویں اوور کی پہلی گیند پر نسیم شاہ نے فضلِ حق فاروقی کو ایکسٹرا کور پر چوکا مارا جس کے بعد پاکستان کو پانچ گیندوں پر سات رنز کی ضرورت تھی۔ اگلی گیند پر نسیم شاہ نے پھر بیٹ گھمایا لیکن گیند ان کے بیٹ کو چھوئے بغیر وکٹ کیپر کے ہاتھوں میں چلی گئی۔
اس اوور کی تیسری گیند پر نسیم شاہ نے سنگل رن لیا اور حارث رؤف بولر کے سامنے آگئے۔ حارث رؤف نے چوتھی گیند پر شاٹ کھیلا اور پاکستان کو تین رنز اور مِل گئے۔
اب پاکستان کو دو گیندوں پر تین رنز کی ضرورت تھی اور سٹرائیک پر نسیم شاہ موجود تھے۔ اوور کی پانچویں گیند پر نسیم شاہ نے ایک بار پھر تیز شاٹ کھیلنے کی کوشش کی اور گیند ان کے بیٹ کا کنارہ لے کر وکٹوں کے پیچھے باؤنڈری لائن کراس کر گئی اور پاکستان میچ جیت گیا۔
نسیم شاہ پاکستان کو میچ جتوانے کی وجہ سے سوشل میڈیا پر بھی موضوع گفتگو ہیں اور کرکٹ شائقین انہیں سراہتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔
سعد نامی صارف نے لکھا کہ ’نسیم شاہ افغانستان کے لیے بُرا خواب ثابت ہو رہے ہیں۔‘
فرید خان نے سوشل میڈیا صارفین کو پیغام دیا کہ ’پاکستان کو کرکٹ سے کبھی جدا نہ کیا کریں۔ اپنی تمام ٹویٹس ڈیلیٹ کردیں، ہمارے پاس نسیم شاہ ہے۔‘
سیف احمد نے لکھا کہ ’نسیم شاہ ایک بار پھر پاکستان کے لیے ہیرو بن گئے اور افغانستان کے دل کے ٹکڑے کر دیے۔‘
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز پشاور زلمی کی جانب سے ایک ٹویٹ میں لکھا گیا کہ ’افغانستان میں نسیم شاہ سے سب زیادہ نفرت کی جاتی ہوگی۔‘
پاکستان کی طرف سے 35 گیندوں پر 48 رنز کی اننگز کھیلنے پر شاداب خان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ ان کے علاوہ امام الحق نے 91 اور کپتان بابر اعظم نے 53 رنز بنائے۔
افغانستان کی جانب سے فضلِ حق فاروقی نے تین، محمد نبی نے دو اور مجیب الرحمان اور عبدالرحمان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
افغانستان کی جانب سے اوپنر رحمان اللہ گُرباز نے 151 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ ابراہیم زدران نے 80 رنز بنائے۔
پاکستان کی طرف سے شاہین شاہ آفریدی نے دو جبکہ نسیم شاہ اور اسامہ میر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

شیئر: