Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اٹلی میں سپر کار حادثے کے بعد انڈین اداکارہ اور ان کے شوہر زیرِتفتیش

لیمبرگینی اوورٹیک کے لیے لین سے باہر نکلی تو پیچھے سے آنے والی فراری اس کے ساتھ ٹکرا گئی (فائل فوٹو: گارڈین)
اٹلی میں انڈین ارب پتی وکاس اوبرائے کی لیمبرگینی کار ایک دوسری سپرکار فراری سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں دو افراد ہلاک ہو گئے۔ اطالوی پولیس کے مطابق اس حادثے کے بعد وہ زیرِ تفتیش ہیں۔
فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ ’وکاس رنویر اوبرائے اپنی اہلیہ گائتری جوشی کے ساتھ گاڑی چلا رہے تھے، جو ایک ماڈل اور اداکارہ ہیں۔‘
’گاڑی تیز رفتاری سے سفر کر رہی تھی اور اس نے ایک تنگ سڑک پر اوور ٹیک کیا جہاں اس کی اجازت نہیں تھی اور اس نے دوسری لین سے آنے والی گاڑی کو نہیں دیکھا۔‘
پیچھے سے آنے والی ایک کار سے بنائی گئی ویڈیو کے مطابق لیمبرگینی اور فراری کئی دیگر سپر کاروں کے ساتھ قافلے میں تھیں۔
لیمبرگینی نے ایک وین کو اوورٹیک کیا، لیکن جب وہ دوبارہ اوورٹیک کرنے کے لیے لین سے باہر نکلی تو پیچھے سے آنے والی فراری اس کے ساتھ ٹکرا گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق فراری ٹکرانے کے بعد تباہ ہو گئی اور اس میں آگ لگ گئی، جس کے نتیجے میں ایک سوئس جوڑے کی موت ہو گئی جو 60 کی دہائی میں تھا، تاہم انڈین جوڑے کو زیادہ چوٹ نہیں آئی۔
پولیس نے بتایا کہ تفتیش کاروں نے وکاس اوبرائے کو نامزد کیا تھا اور ان سے تفتیش کی جا رہی ہے۔
فوربز میگزین کی لسٹ کے مطابق ٹائیکون وکاس اوبرائے کا ریئل اسٹیٹ کا کاروبار ہے جس کی مالیت تین ارب 70 کروڑ ڈالر ہے۔
ان کی اہلیہ گائتری جوشی نے 2004 میں ریلیز ہونے والی فلم ’سوادیس‘ میں شاہ رخ خان کے ساتھ کام کیا تھا۔ وکاس اوبرائے کے ساتھ ان کی شادی 2005 میں ہوئی تھی اور ان کے دو بچے بھی ہیں۔

شیئر: