Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسرائیلی حملوں سے غزہ میں ہلاکتوں کی تعداد پانچ ہزار سے زیادہ

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق محصور علاقے میں روزانہ 200 سے 300 کے درمیان افراد جان کی بازی ہار جاتے ہیں۔ فوٹو: عرب نیوز
اسرائیل کے غزہ پر سات اکتوبر سے جاری حملوں میں 2055 بچوں سمیت کم از کم پانچ ہزار 87 فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں اور زخمیوں کی تعداد 15 ہزار 273 ہے۔ 
روئٹرز نیوز ایجنسی کے مطابق غزہ کی وزارت صحت نے پیر کو بتایا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی حملوں میں 436 فلسطینی ہلاک ہوئے، جن میں 182 بچے شامل ہیں اور زیادہ تر ہلاکتیں غزہ کی جنوبی پٹی میں ہوئی ہیں۔
حماس کے حکام نے بتایا ہے کہ غزہ پر گذشتہ رات اور پیر کی صبح ہونے والے اسرائیلی فضائی حملوں میں کم از کم 70 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
اسرائیلی فوجی ذرائع نے بتایا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران فلسطینی علاقے میں تقریباً 320 اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق غزہ کے بدتر ہوتے انسانی المیے نے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔
اسرائیلی فوج کے مطابق اس نے گذشتہ 24 گھنٹوں کے اندر غزہ پر 300 سے زائد فضائی حملے کیے۔ اسرائیل کی بمباری میں اب تک ہزاروں عمارتیں ملبے کا ڈھیر ہو چکی ہیں اور 10 لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔ غزہ کے رہائشی پانی، خوراک اور بنیادی ضرورریات زندگی سے محروم ہیں۔
اقوام متحدہ کی ایجنسی کے مطابق پیر کو مصر کے رفح کراسنگ سے 20 مزید ٹرک امدادی سامان لے کر غزہ پہنچ گئے ہیں۔
غزہ کی ناکہ بندی میں حماس کے زیرکنٹرول سرکاری میڈیا آفس نے بیان میں کہا ہے کہ گذشتہ رات شمالی غزہ میں اسرائیلی حملے  کے دوران 60 سے زائد افراد ہلاک  ہوئے، ان میں سے 17 افراد ایک ہی حملے میں نشانہ بنے۔
میڈیا آفس نے مزید بتایا کہ پیر کی صبح تک شمالی غزہ کے علاقے میں ہلاکتوں کی تعداد کم از کم 70 ہو گئی۔
اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ دہشت گردی کے جن اہداف کو نشانہ بنایا گیا ان میں حماس کے زیراستعمال سرنگیں، آپریشنل کمانڈ سینٹرز، فوجی کمپاؤنڈز اور کچھ چوکیاں شامل ہیں۔

اسرائیل نے غزہ کے رہائشیوں کو تنبہیہ کی ہے کہ وہ جان بچانے کے لیے جنوبی غزہ چلے جائیں۔ فوٹو: روئٹرز

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق محصور علاقے میں روزانہ 200 سے 300 کے درمیان افراد جان کی بازی ہار جاتے ہیں۔
اسرائیلی فوج نے گذشتہ روز اتوار کو ایک بیان میں کہا تھا کہ غزہ کے اندر ٹینک آپریشن کے دوران ایک اسرائیلی فوجی ہلاک اور تین دیگر زخمی ہوئے۔
دریں اثنا اسرائیل نے شمالی غزہ کے 10 لاکھ سے زیادہ رہائشیوں کو انتباہ دیا ہے کہ وہ اپنی جان بچانے کے لیے جنوبی غزہ کی طرف نکل جائیں۔
اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ علاقے کی 24 لاکھ آبادی میں سے نصف سے زیادہ بے گھر ہو چکے ہیں اور لاکھوں شہری شمالی غزہ کے آس پاس موجود ہیں جو علاقہ چھوڑنے کو تیار نہیں یا قاصر ہیں۔

شیئر: