Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دھرم شالہ جیسا سٹیڈیم پاکستان میں نہ بنانے کے سوال پر وسیم اکرم غصے میں کیوں آگئے؟

دھرم شالہ میں واقع ہماچل پردیش کرکٹ ایسوسی ایشن سٹیڈیم کا شمار دنیا کے خوبصورت ترین کرکٹ سٹیڈیمز میں کیا جاتا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
عظیم سابق فاسٹ بولر وسیم اکرم پاکستان میں دھرم شالہ جیسا سٹیڈیم نہ بنانے اور پہلے سے موجود کرکٹ سٹیڈیمز کے انفراسٹرکچر پر پھٹ پڑے ہیں۔
وسیم اکرم سے نجی سپورٹس ٹی وی چینل ’اے سپورٹس‘ پر جب ایک صارف نے دھرم شالہ جیسا سٹیڈیم پاکستان میں نہ ہونے کا سوال پوچھا تو اُس پر انہوں نے کہا کہ ہم تین سٹیڈیمز کو ہی نہیں ٹھیک رکھ پا رہے، نیا کیسے بنائیں گے؟
تفصیلات کے مطابق ایک صارف نے وسیم اکرم سے پوچھا کہ ’ہم نے دھرم شالہ اور کوئنز ٹاؤن (نیوزی لینڈ) جیسے سٹیڈیم دیکھے ہیں لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) شمالی علاقوں میں سٹیڈیمز کے انفراسٹرکچر کیوں نہیں بنا رہا؟‘
اس کے جواب میں سوئنگ کے سلطان نے کہا کہ ’ہم تین سٹیڈیمز (لاہور، کراچی اور راولپنڈی) کو ہی ٹھیک نہیں رکھ پا رہے، باقی کہاں نیا بنا لیں گے؟‘
’آپ نے قذافی سٹیڈیم (لاہور) کی چھت دیکھی ہے جو ڈرون سے دکھائی جا رہی تھی؟ ہم تین سٹیڈیم کو ہی کنٹرول نہیں کر سکتے۔ ہم صرف نئے سٹیڈیم بنانے کے بارے میں خواب دیکھ سکتے ہیں۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ہمارے پاس نیا سٹیڈیم بنانے کی بہت جگہ ہے۔ ایبٹ آباد میں بہت خوب صورت گراؤنڈ ہے۔‘
انڈیا کی ریاست ہماچل پردیش کے دارالحکومت دھرم شالہ میں واقع ہماچل پردیش کرکٹ ایسوسی ایشن سٹیڈیم کا شمار دنیا کے خوب صورت ترین کرکٹ سٹیڈیمز میں کیا جاتا ہے۔
یہ کرکٹ سٹیڈیم سطح سمندر سے 1457 میٹر کی بلندی پر واقع ہے۔
اس سٹیڈیم کے ارگرد ہمالیہ کے خوب صورت پہاڑ ہیں جن کی گود میں بنے اس سٹیڈیم کو پوری دنیا کے کرکٹ مداح پسند کرتے ہیں۔

شیئر: