کراچی..سپریم کورٹ نے نقیب اللہ محسود قتل کیس میں راو انوار کو 3 دن میں گرفتار کرنے کا حکم دے دیا ۔ ممکنہ بیرون ملک سفرکی تفصیلات بھی طلب کر لیں۔سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں چیف جسٹس کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ، ایڈیشنل آئی جی اورڈی آئی جی پیش ہوئے۔ تحقیقاتی کمیٹی نے رپورٹ عدالت میں پیش کردی۔ چیف جسٹس نے استفسار کیاکہ راوانوار کو پیش ہونے کا حکم دیا تھا، وہ کہا ں ہیں۔ آئی جی سندھ نے عدالت کو بتایا کہ وہ مفرور ہیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ آپ نے گرفتار کرنے کے لئے کیا کوشش کی۔آئی جی سندھ نے اقدامات کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ راوانوار کو ہر طرح سے گرفتار کرنے کی کوشش کرچکے ۔چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ یہاں بھی بڑے بڑے چھپانے والے موجود ہیں۔آئی جی صاحب یہ بتائیں کہ کراچی میں کسی نے اسے چھپایا تو نہیں۔ یہ تو نہیں کہ جہاں راوانوار گیا وہ آپ کی پہنچ میں نہیںیا کہیں وہ ملک سے فرار تو نہیں ہوگیا۔آپ آزادی سے کام کریں کسی کے دباو میں نہ آئیں۔ ہمیں بتائیں آپ کو کتنا وقت چاہیے۔ آئی جی سندھ نے کہا کہ ممکن ہے فرار ہوگیا ہو ، ابھی کچھ کہا نہیں جاسکتا۔ وقت نہیں دے سکتا لیکن ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ چیف جسٹس نے کراچی میں نقیب اللہ کے ماورائے عدالت قتل کا از خود نوٹس لیا تھا ۔ راو انوار کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم دیتے ہوئے عدالت طلب کیا تھا۔