Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اوورسیزپاکستانیوں کیلئے امیر بننے کا موقع؟

اسلام آباد...وفاقی کابینہ نے بیرون ملک اثاثوں کی واپسی کیلئے ٹاسک فورس تشکیل دیدی۔ بیرون ملک غیر قانونی جائیداد کی نشاندہی کرنیوالوں کو 20 فیصد حصہ دیا جائے گا۔ مدارس سمیت تمام ا سکولوں میں یکساں بنیادی نصاب تعلیم رائج کیا جائے گا۔نجی اسکولوں کی فیس کو بھی مناسب سطح پر لایا جائے گا۔ وفاقی کابینہ نے بچوں سے زیادتی کی روک تھام اور جبری مشقت پر پابندی کے اقدامات کی بھی منظوری دی ۔ا سٹریٹ چلڈرن اور خواتین کیلئے سینٹر بنائے جائینگے۔وفاقی وزارتوں اور ڈویژنز کے تمام صوابدیدی فنڈز ختم کر دیئے گئے ۔صوابدیدی فنڈز واپس کرنے سے قومی خزانے کو 80 ارب روپے کا فائدہ ہوگا۔ بدھ کو کابینہ اجلاس کے بعد وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے ہمراہ بریفنگ دیتے ہوئے معاون خصوصی برائے احتساب بیرسٹر شہزاد اکبر نے کہا کہ ملک سے باہر اثاثے واپس لانے کیلئے ٹاسک فورس بنائی گئی ہے۔ وزیراعظم سیکرٹریٹ میں اثاثہ ریکوری یونٹ قائم کیا گیا ہے جس میں نیب ، ایف آئی اے ، اسٹیٹ بینک، ایف بی آر کا ایک ایک سینئر نمائندہ ، چارٹر اکاﺅنٹنٹ ، سینئر لائر شامل ہیں اور وہ کسی کی بھی مدد لے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک قانون لا رہے ہیں جو بیرون ملک اثاثوں کی تفصیلات دے گا۔ اسے اس جائیداد کی مالیت کا 20 فیصد حصہ بطور انعام دیا جائے گا تفصیلات بتانے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ میوچل لیگل اسسٹنٹ ایکٹ بھی لارہے ہیں تاکہ بیرون ملک سے اطلاعات ہنگامی بنیادوں پر حاصل کی جاسکیں۔ یہ پہلے آرڈیننس کی صورت میں لایا جائے گا اور بعد ازاں پارلیمنٹ سے بھی منظور کروایا جائے گا۔ سوئس بینکوں میں گزشتہ کئی سالوں سے پڑے ہیں۔ وزیر خارجہ کی سربراہی میں اعلی سطحی وفد سوئٹزر لینڈ جائے گا جو پاکستانی نیشنل یا رہائشیوں کے اکا ونٹس کی تفصیلات حاصل کرے گا۔ وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ اب سارے پاکستانیوں کے پاس امیر ہونے کا چانس ہے کہ وہ لوگوں کی غیر قانونی جائیدادوں کی نشاندہی کر کے انعام حاصل کریں۔ اوورسیز پاکستانی اس پر خصوصی تو جہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ تربیلا کے نامکمل منصوبے کا افتتاح کر کے 25 ارب روپیہ ضائع کیا گیا۔ وزیراعظم نے اس کی بھی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ 
مزید پڑھیں:تحریک انصاف نے فاروق ستار کو کیا پیشکش کی؟
 

شیئر: