Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹرمپ کا دورہ دوحہ، قطر اور امریکہ کے درمیان اہم معاہدوں پر دستخط

امیر قطر نے ٹرمپ کا استقبال کیا اوردیوان شاہی میں خصوصی ملاقات کی۔ (فوٹو: قنا)
امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ  کی موجودگی میں دوحہ میں دونوں ممالک کے مابین  متعدد اہم معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے ہیں۔
قطری نیوز ایجنسی’ قنا‘ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنے پہلے غیرملکی دورے کے دوران سعودی عرب سے قطر پہنچے۔ امیر قطر نے ان کا استقبال کیا اوردیوان شاہی میں خصوصی ملاقات کی۔
امیرقطر شیخ تمیم بن حمد نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے وفد کی قطر آمد پرمسرت کا اظہار کرتے ہوئے اسے تاریخی دورہ قرار دیا۔
 امیرقطر نے خطے میں امن کے قیام کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے صدر ٹرمپ کی جانب سے خطے میں قیام امن کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہتے ہوئے انہیں ’مین آف پیس‘ قرار دیا۔
امریکی صدر نے اپنے اور وفد کے شاندار استقبال پر امیر قطر کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور دوطرفہ طویل و گہرے تعلقات کو اجاگر کیا۔
اجلاس میں دونوں ممالک کے مابین سٹریٹجک تعلقات اور ان میں مزید اضافے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا جن میں دفاع، معیشت، سرمایہ کاری، تعلیم، سائبر سکیورٹی اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور شامل تھے۔
امیر قطر اور امریکی صدر نے مختلف معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر بھی دستخط کیے جن میں بوئنگ طیاروں کی خریداری، دفاعی تعاون ، ڈرونز ایم کیو 9 بی کے علاوہ اینٹی ڈرونز سسٹم کی خریداری وغیرہ شامل تھے۔
دونوں سربراہوں نے امریکہ اور قطر کے مابین مشترکہ تعاون کے اعلامیہ  پر بھی دستخط کیے ہیں۔

 

شیئر: