Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بنگلہ دیش سیریز کے بقیہ میچز ملتوی

پاکستان ایک روزہ کپ بھی غیرمعینہ مدت تک کے لیے ملتوی کردیا ہے (فوٹو اے ایف پی)
پاکستان اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈز نے دو ملکی سیریز میں شامل بقیہ میچز ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دونوں ٹیموں کے مابین سیریز میں شامل ایک روزہ میچ اور دوسرا ٹیسٹ میچ ملتوی کر دیے گئے ہیں۔
پیر کو پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق دونوں بورڈز اب مستقبل میں آئی سی سی  ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شامل سیریز کو مکمل کرنے کے لیے باہمی مشاورت سے فیصلہ کریں گے۔
پاکستان، بنگلہ دیش سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ سات تا دس فروری تک راولپنڈی میں کھیلا گیا تھا، جس میں پاکستان نے ایک اننگز اور 44 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔ 

پہلے ٹیسٹ میچ میں  پاکستان نے ایک اننگز اور 44 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی (فوٹو: اے ایف پی)

پاکستان کے خلاف سیریز کے دوسرے مرحلے میں شرکت کے لیے بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کو 29 مارچ کو کراچی پہنچنا تھا۔ دونوں ٹیموں کے مابین واحد ایک روزہ میچ یکم اپریل کو کھیلا جانا تھا جبکہ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شامل دوسرا ٹیسٹ میچ پانچ تا نو اپریل تک جاری رہنا تھا۔
اس دوران پاکستان کرکٹ بورڈ نے 25 مارچ سے شروع ہونے والا پاکستان ایک روزہ کپ بھی غیرمعینہ مدت تک کے لیے ملتوی کردیا ہے۔

شیئر: