Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’خود کو گھروالوں کا مجرم تصور کررہا ہوں‘ سعودی ڈاکٹر

سعودی ڈاکٹر کی والدہ اور بہنیں بھی کورونا میں مبتلا ہو گئیں (فوٹو سوشل میڈیا)
وزیر صحت نے کورونا سے متاثرہونے والے سعودی ڈاکٹرسے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ان کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔ ڈاکٹر عمر حافظ کورونا کے خلاف فرنٹ لائن پر خدمات انجام دے رہے تھے کہ اچانک انکشاف ہوا کہ وہ اوراہل خانہ بھی کورونا کی لپیٹ میں آچکے ہیں۔
مقامی ویب نیوز ’عاجل ‘ کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر عمر حافظ کے بارے میں ٹویٹر پر لوگوں کی جانب سے غیر معمولی رد عمل سامنے آیا ہے لوگوں نے انکی اور اہل خانہ کی جلد صحتیابی کےلیے خصوصی دعائیں کی۔

’کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ گھروالے میری وجہ سے ہسپتال میں داخل ہونگے‘(فوٹو، ایس پی اے)

وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے ٹویٹ کیا ’ میرے بھائی ڈاکٹر عمر ، اللہ تعالی سے دعاگو ہوں کہ وہ جلد از جلد آپکو اور اپکے اہل خانہ کو صحت عاجلہ عطا فرمائے ، معاشرہ نہ صرف آپ بلکہ امور صحت سے منسلک تمام اہلکاروں کی دل کی گہرائیوں سے قدر کرتا اور آپکی قربانیوں سے بخوبی واقف ہے‘۔
کورونا سے متاثر ہونے والے ڈاکٹر عمر نے وزیر صحت کے ٹویٹ کے جواب میں لکھا ’ جناب وزیر ، آپ کی جانب سے خصوصی اہتمام پر شکر گزار ہوں یہ میرے لیے اور امور صحت سے تعلق رکھنے والے کسی بھی شخص کےلیے نئی بات نہیں اوراس امر سے بھی ہر کوئی بخوبی واقف ہے کہ آپ ہر ایک کا خوب خیال رکھتے ہیں ، میں یہ یقین دلانا چاہتا ہوں کہ وطن عزیز، اپنے ہم وطن اور یہاں مقیم غیر ملکیوں کی خدمت میرے لیے باعث اعزاز ہی نہیں بلکہ میرا فرض ہے‘۔
ڈاکٹر عمر نے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کےبارے میں بتایا کہ کس طرح وہ اور اہل خانہ اس مرض میں مبتلا ہوگئے ، ڈاکٹر عمر کی جانب سے ٹویٹ میں کہا گیا کہ ’بخدا میں یہ تصور بھی نہیں کر سکتا تھا کہ میری وجہ سے والدہ اور بہنیں اس وبائی مرض کا شکار ہوں، میں خود کوانکا مجرم تصور کررہا ہوں کہ کیونکہ میں نے کبھی یہ سوچا بھی نہیں تھا کہ ایک دن وہ سب میری وجہ سے ہسپتال میں داخل ہونگے‘
ڈاکٹر عمر نے مزید لکھا ’ اے رب ، میں تو گھر سے لوگوں کی خدمت اور ان حالات میں انکی مدد کرنے نکلاتھا، ہم پر اپنی رحمت نازل فرما اور جلد از جلد صحت عاجلہ سے نواز دے ‘
سوشل میڈیا پر ڈاکٹر عمر کے ٹویٹ کے جواب میں لوگوں نے بڑی تعداد میں انکے ساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہوئے انکی اور اہل خانہ کی جلد مکمل صحتیابی کےلیے دعا کی

شیئر: