Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات: 'ہیئر سٹائل بنوا کر بیروت کی مدد کریں'

ہیئر سروسز سے کمائی جانے والی رقم بیروت کی بحالی کے لیے عطیہ کی جائے گی۔ فوٹو گیٹی امیجز
بیروت متاثرین کی مدد اور شہر کی تعمیر نو کی غرض سے جہاں عالمی برادری نے امداد کا اعلان کیا وہیں متعدد فلاحی ادارے اور نامور شخصیات بھی اپنا اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے سرگرم عمل رہی ہیں۔
لبنان کے دارالحکومت بیروت میں 4 اگست کو ہونے والے دھماکوں کے بعد مقامی شہری بھی امدادی کاروائیوں میں برابر کے شریک رہے اور کئی تنظیمیں شہر کی تعمیر نو کے لیے عطیات جمع کرنے میں پیش پیش ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات کے نامور ہیئر سٹائلسٹس بھی انہی کاوشوں کا حصہ ہیں جنہوں نے حال ہی میں ہیئر کٹنگ سے کمائی جانے والی رقم امدادی ادارے لبنان ریڈ کراس کو عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
بین الاقوامی کاسمیٹکس کمپنی لوریئل کی سفیر نیٹالی کیسس نے کہا ہے کہ کمیونٹی کی خواہش کے تحت اس اقدام کا آغاز کیا جا رہا ہے تاکہ اس مشکل گھڑی میں لبنان کے لوگوں کی مدد کی جا سکے۔
لوریئل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 28 سے 31 اگست تک دبئی اور ابو ظہبی میں نامور ہیئر سٹائلسٹ کم ریٹس میں بالوں کی کٹنگ اور سٹائلنگ کی خدمات فراہم کریں گے۔
انسٹا گرام پر شائع پوسٹ میں کہا گیا ہے کہ اس تین روزہ ایونٹ سے جمع کی گئی رقم بیروت کی تعمیر نو کے لیے استعمال کی جائے گی۔
ان تمام سروسز کا اہتمام لوریئل اور ایڈیال اکیڈمی میں کیا گیا ہے۔ ایڈیال اکیڈیمی کی بیروت میں واقع برانچ دھماکوں کے بعد مکمل تباہ ہو گئی تھی۔
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

A post shared by Natalie Kasses (@nataliekasses) on

ایڈیال کی مینیجنگ ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ وہ بیروت کے لوگوں کی مدد کرنا چاہتی ہیں جنہوں نے نہ صرف اپنے عزیزوں کو کھویا بلکہ ان کے گھر اور کاروبار بھی تباہ ہو گئے۔
بیروت میں ہونے والے دھماکوں میں ڈیڑھ سو سے زائد افراد ہلاک اور ہزاروں زخمی ہوئے تھے جبکہ تین لاکھ سے زیادہ بے گھر ہوئے ہیں۔

شیئر: