Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بیروت کے لیے فنڈ ریزنگ: 'آپ بھی میرا ساتھ دیجیے'

بیروت دھماکے سے لاکھوں افراد بے گھر ہوئے (فوٹو: اے ایف پی)
لبنان کے دارالحکومت بیروت کے فیشن ڈیزائنرز بھی چار اگست کو ہونے والے تباہ کن دھماکوں سے متاثر ہوئے ہیں اور ان کی دکانیں اور سٹوڈیوز کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
بیروت کی بندرگاہ پر تباہ کن دھماکے سے 150 سے زیادہ افراد ہلاک جبکہ تین لاکھ افراد بے گھر ہوئے تھے۔
عرب نیوز کے مطابق زہیر مراد بھی ان لوگوں میں شامل ہیں جن کا سٹوڈیو دھماکے سے تباہ ہوا۔
زہیر مراد نے نہ صرف اپنا مرکزی دفتر اس دھماکے میں کھویا بلکہ ان کے مرکزی دفتر کے 80 فیصد حصے اور ان کے بنائے ہوئے دیدہ زیب کپڑوں کو بھی نقصان پہنچا۔
انہوں نے ووگ میگزین سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’میں اپنے دکھ کا اظہار نہیں کر سکتا۔ سب کچھ ایک منٹ میں ختم ہو گیا۔ اللہ کا شکر ہے کہ ہم نے کسی کو نہیں کھویا لیکن جو نقصان ہوا ہے اس کا آپ تصور نہیں کر سکتے۔‘
بیروت سانحے میں اپنا سب کچھ کھونے والوں کی مدد کے لیے ڈیزائنر زہیر مراد فنڈز اکھٹے کر رہے ہیں۔
شمالی لبنان کے گاؤں راس بعلبک کے اس ڈیزائنر نے غیر سرکاری ادارے آفریجوئی کے ذریعے فنڈز اکھٹے کرنا شروع کیے ہیں۔
زہیر مراد نے ایک شرٹ ڈیزائن کی ہے جس پر ’رائز فرام دی ایشز‘ لکھا ہوا ہے۔
اس ٹی شرٹ سے حاصل ہونے والا منافع امدادی سرگرمیوں میں جائے گا، ٹی شرٹ کی قیمت 25 اعشاریہ 99 ڈالرز ہے۔
زہیر مراد نے اپنے انسٹا گرام پر لکھا کہ ’بیروت کے لوگوں کی مدد کے لیے میرا ساتھ دیں، ان لوگوں نے اس سانحے کے دوران بہت کچھ کھویا ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا  کہ’اس محدود ایڈیشن سے حاصل ہونے والا سو فیصد منافع آفریجوئی کے امدادی سرگرمیوں میں استعمال ہوگا۔
غیر سرکاری ادارہ آفریجوئی بیروت کے لوگوں کو بنیادی ضروریات فراہم کر رہا ہے۔
متعدد مشہور شخصیات اور ڈیزائنر کے گاہکوں نے اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ اس شرٹ کو خریدیں۔ اس میں برازیل کی سپر ماڈل الیسندرا ایمبروشیو بھی شامل ہیں۔
انہوں نے اس شرٹ میں اپنی تصویر انسٹا گرام پر شیئر کی ہے۔ انسٹا گرام پر ان کے دس اعشاریہ دو ملین فولورز ہیں۔
انہوں نے اپنی انسٹا گرام پوسٹ پر زہیر مراد کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا کہ ’بیروت کے لوگوں کی مدد کے لیے میرا اور میرے عزیز دوست کا ساتھ دیجیے۔‘
ان کے علاوہ امریکی کولمبین اداکارہ صوفیا ورگارہ اور مشہور سیریز ’فرینڈز‘ کی اداکارہ کورٹنے کاکس نے بھی اس شرٹ کے ساتھ اپنی تصاویر شیئر کیں۔
اس چیریٹی مہم میں وکٹوریا سیکرٹ کی ماڈل ڈیون ونڈسر نے بھی حصہ لیا۔

شیئر: