Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’جونیئر بچن‘ کی نئی لُک اور پرینکا چوپڑا کی تیاریاں

ابھیشیک کی کچھ تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہیں جن میں وہ پہچانے نہیں جا رہے۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
بالی وڈ انڈسٹری لاک ڈاؤن کے بعد آہستہ آہستہ معمول کی طرف واپس لوٹ رہی ہے اور اب نئے پراجیکٹس پر کام شروع ہو چکا ہے۔
مختلف سیلیبریٹیز کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعے معلوم ہو رہا ہے کہ شائقین کو کون سی فلمیں دیکھنے کو ملیں گی۔
’جونیئر بچن‘ ابھیشیک کی کچھ تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہیں جن میں وہ پہچانے نہیں جا رہے۔

 

ان کا یہ نیا لُک دراصل ان کی آنے والی فلم ’باب بسواس‘ کے لیے ہے جس نے ان کے شائقین کو حیران کر دیا ہے۔ باب بسواس ایک قاتل کی کہانی ہے اور ابھیشیک بچن اس پُراسرار کردار کو نبھا رہے ہیں۔ وہ اپنے اس کردار سے اپنے مداحوں کا دل جیت سکیں گے یا نہیں یہ تو فلم کی ریلیز کے بعد ہی معلوم ہو سکے گا۔
بالی وڈ کی ’پگی چوپس‘ پرینکا چوپڑا نے بھی اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی ایک تصویر شیئر کی ہے جس سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ بھی اپنی نئے پراجیکٹ ’ٹیکسٹ فار یو‘ کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔
پرینکا چوپڑا اس وقت لندن میں موجود ہیں اور انسٹاگرام پر پوسٹ کی گئی تصویر میں انہیں ماسک پہنے دیکھا جا سکتا ہے اور وہ اپنے ناخنوں کی تراش خراش کرا رہی ہیں۔
ادھر ’ببلی گرل‘ سارہ علی خان اور ورون دھاون کی فلم ’قلی نمبر 1‘ کا نیا پوسٹر جاری کر دیا گیا ہے۔ پوسٹر سے معلوم ہو رہا ہے کہ اس فلم کا ٹریلر 28 نومبر کو ریلیز ہوگا۔ فلم کے پوسٹر میں ورون دھاون مختلف کرداروں میں دکھائی دے رہے ہیں جبکہ سارہ علی خان بھی منفرد گیٹ اپ میں نظر آ رہی ہیں۔
بالی وڈ کی یہ فلمیں کب سینما گھروں کی زینت بنیں گی اس حوالے سے فلم سازوں کی طرف سے کوئی اعلان نہیں کیا گیا لیکن شائقین ابھی سے بے صبری سے ان فلموں کی ریلیز کا انتظار کر رہے ہیں۔

شیئر: