اِن دنوں اگرچہ انڈیا میں پاکستانی ڈرامہ ’در نجات‘ اور نیٹ فلکس پر آنے والی سیریز ’جو بچے ہیں سنگ سمیت لو‘ کا چرچا ہے لیکن انڈیا کا معروف شو ’کافی وِد کرن‘ بھی پیچھے نہیں جو اپنے بے باک انداز کے لیے یاد کیا جاتا ہے جہاں سے مسالے دار خبریں تو آتی ہی ہیں بلکہ ساتھ ساتھ تنازعات بھی جنم لیتے ہیں۔
ایسے میں جب بالی وڈ کے ’کھلاڑی‘ اکشے کمار اور بھوجپوری سنیما کے سپر سٹار روی کشن ایک ہی صوفے پر بیٹھیں تو فلمی دنیا کے قصے، دلچسپ انکشافات اور بے لاگ گفتگو کی توقع فطری ہے۔’کافی وِد کرن‘ کی تازہ قسط میں کچھ ایسا ہی دیکھنے کو ملا۔
اِس محفل میں جہاں دونوں اداکاروں نے اپنی زندگی کے تلخ و شیریں تجربات بیان کیے، وہیں اکشے کمار کی اہلیہ ٹوئنکل کھنہ کی ایک فون کال نے ساری محفل لوٹ لی۔
مزید پڑھیں
-
بڑی عمر کے افراد افیئرز چھپانے میں نوجوانوں سے بہتر، ٹوئنکل کھنہNode ID: 896883
-
اکشے کمار اور ہدایتکار پریہ درشن کی نئی کامیڈی فلم کون سی ہو گی؟Node ID: 906055
اِس قسط کی خاص بات اِس پروگرام میں روی کشن کی پہلی بار شرکت تھی۔ دلچسپ بات یہ بھی ہے کہ اِنہیں اس شو میں بلانے کی تجویز اکشے کمار نے ہی دی تھی۔ اکشے کے مطابق روی محض ایک مزاحیہ اداکار یا فلمی شخصیت نہیں بلکہ اُن کی زندگی میں جدوجہد اور قربانیوں کی ایک ایسی داستان پوشیدہ ہے جسے لوگوں کے سامنے آنا چاہیے۔
تین دہائیوں پرانی دوستی
اکشے کمار نے کہا کہ اُن کی اور روی کشن کی پہلی ملاقات 1989-90 کے آس پاس ہوئی تھی۔ اُس وقت روی کے والد ممبئی کے سانتاکروز علاقے میں بھینسوں کا اصطبل چلاتے تھے، جو آنجہانی اداکار قادر خان کے بنگلے کے عقب میں واقع تھا۔

دوسری جانب روی کو اکشے سے سال 1991 میں فلم ’سوگندھ‘ کی ڈبنگ کے دوران ملاقات یاد ہے۔ اُن کے مطابق اُن دنوں یہ چرچا تھا کہ ایک نیا ہیرو آیا ہے جو چٹانوں کے درمیان ڈِپس لگاتا ہے۔ روی نے اپنے مخصوص انداز میں کہا کہ اکشے کی آمد سے ایسا محسوس ہوتا تھا جیسے ’پورا شاپنگ مال ہل گیا ہو۔‘
سیتا کا کردار اور والد کی ناراضی
اِس قسط کا سب سے جذباتی پہلو روی کشن کی جدوجہد کی کہانی تھی۔ اُنہوں نے بتایا کہ اُن کے والد دودھ کا کاروبار کرتے تھے اور چاہتے تھے کہ بیٹا بھی اِسی کام کو آگے بڑھائے۔ لیکن روی تو ہیرو بننے کا خواب دیکھ رہے تھے۔
ایک مرتبہ اُنہوں نے مذہبی ڈرامے ’رام لیلا‘ میں رام کی اہلیہ سیتا کا کردار ادا کیا اور ساڑھی پہن کر سٹیج پر آئے تو والد شدید ناراض ہوگئے۔ اُنہوں نے غصے میں پوچھا: ’نچنیا بنے گا کیا؟‘
روی کے مطابق اُن کے والد نے انہیں چمڑے کے بیلٹ سے مارا اور وہ اُن کی جان لینے پر بھی آمادہ تھے۔
روی نے اپنے سفر کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ’میں رینگتے ہوئے یہاں تک پہنچا ہوں۔‘ یہ جملہ اُن کی جدوجہد کا پورا خلاصہ بیان کرتا ہے۔
’غریبوں کے متھن‘ سے بھوجپوری سپر سٹار تک
روی کشن نے انکشاف کیا کہ وہ متھن چکرورتی کے بہت بڑے فین تھے۔ اُن کے لباس، چال ڈھال اور اداکاری کی نقل کیا کرتے تھے۔ لوگ انہیں ’غریبوں کا متھن‘ کہہ کر پکارتے تھے۔

بالی وڈ میں جب مناسب کام نہیں ملا تو اُنہوں نے بھوجپوری فلموں کا رُخ کیا۔ سنہ 2001 میں فلم ’سیاں ہمار‘ میں کام کرنے کی پیشکش ہوئی تو والدہ سے مشورہ کرکے اِسے قبول کرلیا۔ اُن کے مطابق یہ فلم کلٹ کی حیثیت اختیار کر گئی اور اُن کے کریئر کا رُخ بدل گیا۔ ایک وقت ایسا بھی آیا جب وہ سال میں 12-12 فلمیں کیا کرتے تھے۔
پروڈیوسروں کے ہاتھوں دھوکہ
دونوں اداکاروں نے اپنے ابتدائی دنوں میں فلم سازوں کے ہاتھوں ہونے والے استحصال کے واقعات بھی سنائے۔
روی کشن نے بتایا کہ فلم ’اُدھار کی زندگی‘ کے لیے انہیں ایک لاکھ 80 ہزار روپے دینے کا وعدہ کیا گیا تھا، لیکن پروڈیوسر نے صرف آٹھ ہزار روپے ادا کیے۔
اُنہوں نے فلم میں کام کرنے کے لیے خاندان کی زرعی زمین تک گروی رکھ دی تھی۔ اُنہوں نے جب پروڈیوسر سے باقی رقم مانگی تو پروڈیوسر نے اُلٹا پوچھ لیا کہ کیسے پیسے؟ پھر دھمکی دی کہ رقم مانگی تو اُن کا کردار کم کردیا جائے گا۔ روی نے جواب دیا کہ پیسے نہ دیں، مگر کردار نہ کاٹیں۔
اکشے کمار نے بھی بتایا کہ ’ایک پروڈیوسر کے ذمے ان کے 68 ہزار روپے باقی تھے۔ رقم واپس نہ ملنے پر وہ سیدھے اُس کے گھر پہنچ گئے۔ دروازہ کُھلا تو اندر جاکر ٹیپ ریکارڈر اٹھایا اور باہر نکل آئے۔ پروڈیوسر نے انہیں روکا تک نہیں۔‘
اداکار نے مزید کہا کہ اُنہوں نے بعد میں یہ ٹیپ ریکارڈر 32 ہزار روپے میں فروخت کردیا۔

آٹھ گھنٹے کام، آٹھ گھنٹے نیند
اکشے نے اپنی سخت روٹین کے بارے میں بتایا کہ وہ صبح ساڑھے چار یا پانچ بجے اُٹھتے ہیں، آٹھ گھنٹے کام کرتے ہیں، آٹھ گھنٹے سوتے ہیں اور باقی وقت خاندان کے ساتھ گزارتے ہیں۔
اداکار نے زیادہ فلمیں کرنے پر ہونے والی تنقید کے جواب میں کہا کہ ’کام نہیں کروں گا تو کیا کروں گا؟ ہر کسی کو کام کرنا چاہیے۔‘
اُنہوں نے یہ دلچسپ انکشاف بھی کیا کہ ‘اُنہوں نے اپنے ابتدائی دنوں میں اداکار چنکی پانڈے سے اداکاری کی تربیت لی تھی۔ چنکی انہیں امیتابھ بچن کی طرح اداکاری کرنے کی ہدایات دیا کرتے تھے۔‘
ٹوئنکل کی کال نے محفل لوٹ لی
شو کا سب سے دلچسپ لمحہ اُس وقت آیا جب اکشے نے اپنی اہلیہ ٹوئنکل کھنہ کو فون کرکے سپیکر پر ڈال دیا۔ ٹوئنکل نے موقع ملتے ہی شوہر کی شکایتوں کے دفتر کھول دیے۔
اُنہوں نے بتایا کہ ’اکشے صبح چھ بجے بھجن چلا کر اِنہیں جگا دیتے ہیں اور خود بھی اونچی آواز میں گانے لگتے ہیں۔ اُن کے گانے کا موازنہ بھجن سنگر انوپ جلوٹا سے کرتے ہوئے اُنہوں نے پوچھا کہ کیا وہ خود کو انوپ جلوٹا سمجھتے ہیں؟ باتھ روم کا دروازہ کُھلا چھوڑنے کی عادت پر بھی انہوں نے اکشے کو خوب سنایا۔













