Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یمن میں کنگ سلمان میڈیکل اور ایجوکیشنل سٹی پروجیکٹ

منصوبے پر 213 ملین سعودی ریال کی لاگت آئے گی۔(فوٹو ایس پی اے)
سعودی ڈویلپمنٹ اینڈ ری کنسٹرکشن پروگرام برائے یمن (ایس ڈی آر پی وائی) نے پیر کو یمن کے المھرہ گورنریٹ میں کنگ سلمان میڈیکل اور ایجوکیشنل سٹی پروجیکٹ کے پہلے مرحلے کا آغاز کیا ہے۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی کے مطابق اس منصوبے پر 213 ملین سعودی ریال (57 ملین ڈالر) کی لاگت آئے گی۔ اس منصوبے کو ایک ملین سکوائر میٹر کے رقبے میں پھیلایا جائے گا۔
المھرہ گورنریٹ میں ایس ڈی آر پی وائی کے نمائندے محمد الہادی نے کہا اس منصوبے کے پہلے مرحلے میں 110 بستروں پر مشتمل جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ ہسپتال کا قیام شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں مختلف محکمے اور ہنگامی طبی انخلا کے لیے ہیلی پیڈ ہوں گے۔
المھرہ گورنر محمد علی یاسر نے پروجیکٹ سائٹ کا دورہ کیا اور یمنیوں کو صحت اور تعلیمی سہولتوں کی فراہمی کے لیے سعودی حکومت کی کوششوں کی تعریف کی۔
یمن کے عہدیدار نے کہا کہ اس منصوبے سے ’یمنی نوجوانوں کی صلاحیتوں کو فروغ ملے گا اور وہ لیبر مارکیٹ کے لیے اہل ہوں گے۔‘
کنگ سلمان میڈیکل اینڈ ایجوکیشنل سٹی میں طب، انجینئرنگ اور زراعت کے کالج شامل ہوں گے۔اس میں ہاؤسنگ کے متعدد منصوبے، ایک انتظامی عمارت اور ایک مسجد ہو گی۔
یمن میں سعودی عرب کے دو دیگر اہم منصوبوں میں 544 ملین سعودی ریال کی لاگت سے عدن کے انٹرنیشنل ایئر پورٹ کی بحالی کا کام اور 36 ملین سعودی ریال کی لاگت سے مارب شہر میں شارع العبر کو بہتر بنانے کا کام شامل ہے۔
ایس ڈی آر پی وائی سات اہم شعبوں میں توجہ مرکوز کرتی ہے جس میں زراعت اور ماہی گیری، صحت، پانی، تعلیم، توانائی، نقل و حمل اورحکومت اور پبلک سیکٹر کا انفراسٹرکچر شامل ہے۔

سعودی ڈویلپمنٹ اینڈ ری کنسٹرکشن پروگرام برائے یمن نے 198 منصوبے مکمل کیے ہیں۔(فوٹو ایس پی اے)

سعودی ڈویلپمنٹ اینڈ ری کنسٹرکشن پروگرام برائے یمن نے ان شعبوں میں اب تک 198 منصوبے مکمل کیے ہیں۔
زراعت اور ماہی گیری میں ایس ڈی آر پی وائی کے زیر قیادت دیگر اقدامات میں چار لاکھ 35 ہزار مربع میٹر سے زیادہ گندم کی کاشت بھی شامل ہے تاکہ کاشتکاری اور ماہی گیری دونوں کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ ہو۔
اس پروگرام میں آؤٹ بورڈ موٹر سے لیس 220 ماہی گیری کشتیاں بھی مہیا کی گئیں، ان کی مرمت اور بحالی کی سہولتیں بھی تعمیر کی گئی ہیں۔
صحت کے شعبے میں اس پروگرام کے تحت یمن کے ہسپتالوں میں جدید ترین طبی آلات مہیا کیے گئے جس میں الجوف ہسپتال شامل ہے جو ایک مہینے میں 18 ہزار مریضوں کی دیکھ بھال کر رہا ہے۔

شیئر: