Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مصر: 32 برس جعلی پولیس انسپکٹربننے والا اپنے انجام کو پہنچ گیا

جعل ساز کے اہل خانہ بھی آخر وقت تک حقیقت سے لاعلم رہے(فوٹو، ٹوئٹر)
مصر میں تین دہائیوں سے زائد عرصہ تک جعلی پولیس انسپکٹربننےوالا  بالاخراپنے انجام کو پہنچ گیا۔ ملزم کی اہلیہ، بچے اور قریبی دوست بھی آخر وقت تک اس کی اصلیت سے واقف نہ ہوسکے۔
ویب نیوز ’سبق‘ نے العربیہ نیٹ کے حوالے سے مصر میں جعل سازی کے عجیب وغریب واقعے کے حوالے سے لکھا ہے کہ جیزہ پولیس اسٹیشن میں جعل سازی کے کیس میں قید 65 سالہ مصری سکتہ قلب کی وجہ سے ہلاک ہوگیا۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم کی موت طبعی ہے۔
شاطر جعل ساز کے بارے میں کی جانے والی تحقیقات میں سامنے آنے والے چونکا دینے والے حقائق میں کہا گیا ہے کہ ملزم نے 32 برس قبل خود کو پولیس انسپکٹرظاہر کرنا شروع کیا اس کے بارے میں کسی کو یہ شک تک نہیں ہوا کہ اس کا تعلق پولیس سے نہیں۔

جعل ساز نے شادی بھی پولیس انسپکٹربن کرکی (فوٹو، ٹوئٹر)

جعل ساز نے 33 برس کی عمر میں شادی کی اور جس گھر میں رشتہ بھیجا وہاں بھی خود کو پولیس انسپکٹرہی ظاہر کیا۔ جعل ساز انتہائی شاطرانہ انداز میں وارداتیں کرتا رہا اس دوران اس نے لاکھوں مصری پونڈ جمع کیے ، جعل سازی اور دھوکہ بازی سے بڑی دولت اکھٹی کی گھروالوں کےلیے ’جیزہ ‘ کمشنری کے انتہائی مہنگے علاقے میں عالیشان بنگلہ بھی بنایا۔
ملزم وقتا فوقتا جعلی اسناد اور ترقی کی خبروں سے اپنے گھروالوں اور دوستوں پررعب جماتا رہتا تھا ۔ جعل ساز کی حقیقت سے ناآشنا اس کے اہل خانہ نے 5 برس قبل فرضی ریٹائرمنٹ کے موقع پر معروف ہال میں تقریب بھی منعقد کی جس میں بڑی تعداد میں لوگ بھی شریک ہوئے۔
شاطر جعل ساز کی حقیقت کے بارے میں پولیس کو ڈرامائی انداز میں معلوم ہوا جب ایک زمین کے سودے میں گرفتار شخص سے پولیس نے تحقیقات کی تو معلوم ہوا کہ جس زمین کا سودا کیا گیا تھا اس کی دستایزات بھی اسی جعلی و خود ساختہ پولیس انسپکٹرنے تیار کی تھیں۔
پولیس نے برسوں تک لوگوں کو اندھیرے میں رکھنے والے جعل ساز کو گرفتار کرکے اس کی حقیقت سے لوگوں کو آگاہ کیا۔ ملزم کے گھر پر چھاپے کے دوران وہاں سے بڑی تعداد میں جعلی اسناد ، اراضی کی جعلی دستاویزات اور یونیورسٹی کی جعلی ڈگریاں بھی برآمد ہوئی جو وہ انتہائی مہنگے داموں لوگوں کو فروخت کیا کرتا تھا۔
کہانی کا انتہائی افسوس ناک پہلویہ تھا کہ جعل ساز کے اہل خانہ کو کبھی یہ شبہ تک نہیں ہوا کہ انکا والد پولیس انسپکٹرنہیں بلکہ ایک جعل ساز ہے۔  

شیئر: