Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’اگلے میچ میں کسر نکالیں گے، بس گھبرانا نہیں ہے‘

زمبابوے نے پوری پاکستانی ٹیم کو 99 رنز پر آؤٹ کر دیا (فوٹو: اے ایف پی)
آج ہونے والے میچ میں زمبابوے نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ساتھ تو کیا سو کیا، رہی سہی کسر سوشل میڈیا پر صارفین کچھ یوں نکال رہے ہیں کہ ٹوئٹر پر نظر آنے والی ہر دوسری ٹویٹ میچ کے بارے میں ہی ہے۔
اگرچہ ٹیم کا حوصلہ بڑھانے والے بھی ہیں تاہم ان لوگوں کا پلڑا بھاری لگ رہا ہے جن کی حس مزاح اس میچ کے بعد کچھ زیادہ ہی پھڑک رہی ہے، ان میں وہ شخصیت بھی شامل ہیں جنہوں نے دو روز قبل ہی زمبابوے کے ہاتھوں اپ سیٹ کی پیشن گوئی کر دی تھی۔
فاطمہ نامی صارف نے اپنی ٹویٹ میں ٹیم کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے لکھا ’جو کچھ بھی ہو، یہ میری ٹیم ہے اور بابر اعظم کپتان ہیں۔‘
ساتھ ہی انہوں نے تنقید کرنے والوں کو یہ بھی یاد دلایا کہ ’اگر جیت میں ساتھ ہیں، تو ہار میں بھی ساتھ دیں۔ میچ کے بعد چند معروف صحافی بھی ’نتیجے‘ پر تبصرہ کرتے دیکھے گئے۔
حامد نے لکھا ’یہ کیا ہوا؟ کیوں ہوا؟ یقین نہیں آتا کہ زمبابوے نے پاکستان کی پوری ٹیم کو 99 رنز پر آؤٹ کر دیا وار پاکستان کی پوری ٹیم 119 رنز کا ہدف پورا نہ کر سکی۔ بہرحال یہ کھیل ہے، اگلے میچ میں کسر نکال لیں گے، بس گھبرانا نہیں ہے۔‘

Caption

سپورٹس رپورٹر مرزا اقبال بیگ اپنی ٹویٹ میں لکھتے ہیں ’پاکستان کی جانب سے بد ترین بلے بازی کا مظاہرہ کیا گیا، یہ وقت ٹی 20 ورلڈ کپ کے بارے میں سوچنے کا ہے۔ پسند نا پسند نے ٹیم کمبی نیشن کو تباہ کر کے رکھ دیا ہے۔ بین الاقوامی رینکینگ میں 12 ویں نمبر پر آنے والی ٹیم کی زمبابوے کے ہاتھوں شرمناک شکست۔ اس کا ذمہ دار کون ہے؟
میچ کے اختتام مزید تبصروں کا سلسلہ شروع ہوا تو میاں عمر نامی صارف نے اپنے خیالات کو ٹویٹ کا جامہ کچھ یوں پہنایا  ’ہم پاکستان کرکٹ ٹیم کو زمبابوے سے خود بخود میچ ہارنے پر مبارک باد دیتے ہیں۔‘

صحافی عمار مسعود نے یہاں بھی اپنی روایتی جملہ بازی دکھاتے ہوئے لکھا ’لگتا ہے کرکٹ ٹیم کی نگرانی کا ذمہ بھی عمران خان نے لے لیا ہے۔‘
 
کچھ صارفین نے ان کھلاڑیوں کی بھی نشاندہی کی جو پچھلے کچھ میچز میں اچھی کارکردگی نہیں دکھا رہے۔
 

ماریہ ملک نامی ہینڈل کی جانب سے تبصرہ کیا گیا ’آصف علی کو گذشتہ دو تین سالوں میں بہت چانس دیے گئے، میں نے ان کی طرف سے ایک بھی متاثر کن اننگ نہیں دیکھی۔ مجھے لگتا ہے ان کی جگہ کسی اچھے کھلاڑی کو ہونا چاہیے۔ آج پوری ٹیم ناتجربہ کار دکھائی دی۔‘

وقاص اختر نے دو روز قبل ہی ٹویٹ کر د تھی کہ ’زمبابوے بے بی پاکستان کو اپ سیٹ کرے گا، لکھ لو یہ ٹویٹ کام آئے گا۔‘

کچھ صارفین وقاص اختر کو اس پر داد دیتے ہوئے بھی دکھائی دیے۔

فیضان لاکھانی نے ماضی میں کھیلے گئے میچ کا حوالہ دیتے ہوئے موجودہ میچ کچھ یوں خیالات کا اظہار کیا ’پاکستان کرکٹ ٹیم کی جانب سے مکمل نہ کیا جانے والا ایک نیا کم ترین ٹارگٹ 119 ہے، اس سے قبل 128 تھا جو کہ آسٹریلیا کے خلاف 2010میں کھیلا گیا تھا۔‘
 

شیئر: