Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

زمبابوے کی پاکستان کے خلاف ٹی20 انٹرنیشنل میں پہلی کامیابی

پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔ (فوٹو: پی سی بی)
زمبابوے نے ہرارے میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کو 19 رنز سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کر لی ہے۔
یہ اس کی پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں پہلی فتح ہے۔
زمبابوے نے پاکستان کو جیت کے لیے 20 اوورز میں 119 رنز کا ہدف دیا ہے۔ لیکن پاکستانی بیٹسمین اس آسان ہدف کے تعاقب میں یکے بعد دیگرے آؤٹ ہوتے گئے۔
پاکستان کی جانب سے بابر اعظم 41, دانش عزیز 22 اور محمد رضوان 13 رنز بنا کر نمایاں رہیں۔
ان کے علاوہ کوئی اور پاکستانی بیٹسمین ڈبل فگر میں بھی داخل نہیں ہو سکا۔ 
زمبابوے کی جانب سے لیوک جونگوے نے چار اور ریان برل نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
پاکستان کے پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی محمد رضوان تھے، وہ 13 رنز بنا کر لیوک جونگوے کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
ان کے بعد ون ڈاؤن بیٹنگ کے لیے آنے والے فخر زمان بھی خاص نہ کر سکے اور صرف دو رنز بنا کر ہی ریان برل کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے.
محمد حفیظ اس میچ میں بھی کوئی خاص کارکردگی نہ دکھا سکے اور پانچ رنز بنا کر ریان برل کا نشانہ بن گئے۔

محمد رضوان 13 رنز بنا کر لیوک جونگوے کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

پاکستان کو چوتھا نقصان بابر اعظم کی وکٹ کا ہوا، جو 41 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔
جبکہ آصف علی کی ناکامیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ وہ ایک رن بنا کر رچرڈ نگاروا کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
ان کے بعد آنے والے فہیم اشرف صرف دو رنز بنا پائے اور بلیسنگ مزربانی کی گیند پر کیچ تھما بیٹھے۔
اس کے بعد دانش عزیز بھی رن آؤٹ ہو گئے، انہوں نے 22 رنز بنائے۔ 
پاکستان کی آخری تین وکٹیں صرف سات رنز کے وقفے سے گر گئیں۔ عثمان قادر رن آؤٹ ہوئے۔ جبکہ حارث رؤف اور ارشد اقبال کو لیوک جونگوئے نے آؤٹ کیا۔

زمبابوے کی اننگز کا احوال

اس سے قبل زمبابوے کی جانب سے برینڈن ٹیلر اور تناشے کمن ہکاموے نے اننگز کا محتاط آغاز کیا لیکن ٹیلر صرف پانچ رنز بنا کر ہی فہیم اشرف کا شکار بن گئے۔

برینڈن ٹیلر پانچ رنز بنا کر فہیم اشرف کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

اس کے بعد تناشے کمن ہکاموے اور تدی وانشے مرومانی کے درمیان 31 رنز کی شراکر داری بنی جس کے بعد مرومانی اپنا پہلا میچ کھیلنے والے ارشد اقبال کا نشانہ بنے۔
تناشے کمن ہکاموے بھی 34 رنز بنا کر صبر کھو بیٹھے اور دانش عزیز کی گیند پر بابر اعظم کو کیچ تھما بیٹھے۔ 
زمبابوے کے چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی ریان برل تھے انہیں عثمان قادر نے آؤٹ کیا۔ اس کے بعد دانش عزیز نے ویسلے مادھویرے کو بولڈ کر دیا۔ 
ریگس چکابوا اور تاریسائی مساکنڈا نے ٹیم کو سکور کو تھوڑا آگے بڑھایا لیکن تاریسائی مساکانڈہ کو محمد حسنین نے بولڈ کر دیا۔ وہ صرف 13 رنز بنا پائے۔
اس کے بعد ریگس چکابوا بھی 18 رنز بنا کر حارث رؤف کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ 
زمبابوے کے آٹھویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی ویلنگٹن مساکاڈزا تھے۔ وہ صفر پر محمد حسنین کے ہاتھوں رن آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد محمد حسنین نے لیوک جونگوے کو کیچ آؤٹ کر دیا۔
پاکستان کی جانب سے سے دانش عزیز اور محمد حسنین نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

اپنا پہلا بین الاقوامی میچ کھیلنے والے ارشد اقبال نے ایک وکٹ حاصل کی۔ (فوٹو: پی سی بی)

آج کے میچ میں دونوں ٹیموں نے اپنے سکواڈز میں تبدیلیاں کیں۔
پاکستان نے حیدر علی کی جگہ ایک بار پھر آصف علی کو موقع دیا ہے۔ جبکہ محمد نواز کی جگہ فاسٹ بولر ارشد اقبال کو موقع دیا گیا ہے۔ وہ آج اپنا ڈیبیو کریں گے۔
زمبابوے نے بھی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی ہیں۔ پیٹ درد کی وجہ سے پہلا میچ نہ کھیل پانے والے برینڈن ٹیلر کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ وہ کپتانی کے فرائض بھی سرانجام دے گے۔
شان ولیمز کو آج کے میچ کے لیے آرام دیا گیا ہے۔ ان فارم بلے باز گریگ ارون بھی انجری کی وجہ سے آج کے میچ سے باہر ہو گئے ہیں۔ ان کی جگہ تاریسائی مساکانڈہ کو موقع دیا گیا ہے۔
آج کے میچ میں دونوں ٹیموں کے سکواڈز یہ ہیں۔
پاکستان: بابر اعظم (کپتان)، محمد رضوان، فخر زمان، محمد حفیظ، دانش عزیز، آصف علی، فہیم اشرف، ارشد اقبال، عثمان قادر، حارث رؤف اور محمد حسنین۔
زمبابوے: برینڈن ٹیلر (کپتان)، تناشے کمن ہکاموے، ریان برل، ریگس چکابوا، لیوک جونگوے، ویسلے مادھویرے، تدی وانشے مرومانی، ویلنگٹن مساکاڈزا، بلیسنگ مزربانی، رچرڈ نگاروا اور تاریسائی مساکنڈا۔

شیئر: