Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ملکہ الزبتھ دوم کی حکمرانی کے 70 سال مکمل ہوگئے

برطانیہ کی ملکہ الزبتھ دوم اتوار کو سات دہائیوں تک حکمرانی کرنے والی پہلی برطانوی حکمران بن گئی ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق انہوں نے اپنے وارث شہزادہ چارلس کی اہلیہ کمیلا، جو اب ملکہ کنسورٹ کے نام سے جانی جائیں گی، کے لیے ’نیک خواہش‘ کا اظہار کیا ہے۔
ذیل میں ملکہ الزبتھ دوم کے دور حکمرانی کے اہم لمحات کو بیان کیا گیا ہے۔

1952- شہزادی سے ملکہ کے سفر کا آغاز

25 سالہ شہزادی الزبتھ اپنے شوہر شہزادہ فلپ کے ساتھ کینیا کے دورے پر تھیں، جب ان کے والد بادشاہ جارج ششم چھ فروری 56 سال کی عمر میں وفات پا گئے۔ انہیں اپنا دورہ چھوڑ کر جلدی میں برطانیہ واپس آنا پڑا۔

شہزادی الزبتھ اپنے شوہر کے ساتھ کینیا کے دورے پر تھیں، جب ان کے والد کی وفات ہوئی۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)

1953- تاج پوشی

سنہ 1953 کے وسط تک ملکہ الزبتھ دوم کی تاجپوشی نہیں ہوئی تھی۔ بالآخر انہیں دو جون کو ویسٹ منسٹر ایبی میں 85 سو مہمانوں کے سامنے تاج پہنایا گیا۔
یہ تقریب پوری دنیا میں دیکھی گئی تھی اور اس کو دیکھنے کے لیے ٹی ویز کی فروخت میں اضافہ ہو گیا تھا۔

1977- سلور جوبلی

تخت پر 25 سال گزارنے کے بعد ملکہ نے برطانیہ اور کامن ویلتھ، جہاں انہوں نے 1947 میں 21 سال کی عمر میں تقریر کی تھی، کے لیے تاحیات خدمت کے عزم کا اعادہ کیا۔

1992- بدقسمتی کا سال

اس سال ملکہ الزبتھ دوم کے بڑے بیٹے اور وارث شہزادہ چارلس کی شہزادی ڈیانا سے علیحدگی ہوئی تھی۔ ان کے دوسرے بیٹے شہزادہ اینڈریو اپنی بیوی سارہ سے الگ ہوگئے تھے۔ جبکہ ان کی واحد بیٹی شہزادی این کی بھی اپنے شوہر مارک فلپس سے طلاق ہوگئی تھی۔
ملکہ کا مغربی لندن میں واقع پسندیدہ گھر کو آگ لگنے سے شدید نقصان پہنچا تھا۔ انہوں نے ان 12 مہینوں کو اپنے لیے ’بدقسمتی کا سال‘ قرار دیا تھا۔

1992 میں شہزادہ چارلس کی شہزادی ڈیانا سے علیحدگی ہوئی تھی۔ (فوٹو: گیٹی امیجز)

1997- ڈیانا کی موت

31 اگست 1997 کو ڈیانا کی کار حادثے میں موت نے شاہی خاندان کو ہلا کر رکھ دیا۔ یہ ان چند مواقع میں سے ایک تھا جب ملکہ کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا کیونکہ وہ سکاٹ لینڈ میں اپنی سٹیٹ پر ہی رہی تھیں۔
وہ آخر کار واپس آئیں اور انہوں نے ٹی وی پر ڈیانا کو خراج تحسین پیش کیا، جس سے عوام کا غصہ کم کرنے میں مدد ملی۔

2002- گولڈن جوبلی

سنہ 2002 میں انہیں تخت پر 50 سال ہوگئے تھے۔ لیکن اسی سال ان کی والدہ اور چھوٹی بہن مارگریٹ وفات پا گئیں تھیں۔ اس موقع پر عوام کی جانب سے شاہی خاندان سے حمایت کا اظہار کیا گیا۔

ملکہ الزبتھ دوم کو سنہ 2002 میں تخت پر 50 سال ہوگئے تھے۔ (فوٹو: گیٹی امیجز)

2011- آئرلینڈ کا ریاستی دورہ

1922 میں جمہوریہ آئرلینڈ کی آزادی کے بعد اور وہاں ہوئے اب تک کے سب سے بڑے سکیورٹی آپریشن کے بعد ملکہ کا آئرلینڈ کا دورہ کسی برطانوی بادشاہ کا پہلا دورہ تھا۔
ان کے آئرش زبان میں ایک خطاب کے علاوہ دیگر علامتی اشاروں نے برطانوی حکمرانی پر برسوں کے تنازع کے بعد، شمالی آئرلینڈ میں مفاہمت کو آگے بڑھانے اور امن کے عمل کو مضبوط کرنے میں مدد کی۔

2012- اولمپکس اور ڈائمنڈ جوبلی

ملکہ اور شاہی خاندان کے دیگر افراد نے تخت پر اپنے 60 سال مکمل ہونے پر برطانیہ کے ہر علاقے کا دورہ کیا۔
2012 کے لندن اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں جیمز بانڈ کا کردار ادا کرنے والے اداکار ڈینیئل کریگ کے ساتھ ملکہ کی شرکت کافی دلچسپی ثابت ہوئی۔

2012 میں اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں ڈینیئل کریگ کے ساتھ ملکہ کی شرکت کافی دلچسپی ثابت ہوئی۔ (فوٹو: اے ایف پی)

2021- کورونا، شہزادہ فلپ کی موت اور صحت کے خدشات

کورونا وائرس نے عمر رسیدہ ملکہ کو ونڈسر میں خود کو الگ تھلگ رکھنے پر مجبور کر دیا، جہاں سے وہ ویڈیو کانفرنس کے ذریعے ہی عوام کو نظر آتی تھیں۔
پرنس فلپ کا اپریل 2021 میں 99 سال کی عمر میں انتقال ہو گیا، جب کہ اس سال کے آخر میں ملکہ کی اپنی صحت کے حوالے سے خدشات بڑھ گئے جب انہوں نے ایک رات ہسپتال میں گزاری اور انہیں اپنی ذمہ داریاں کم کرنے پر مجبور کیا گیا۔

شیئر:

متعلقہ خبریں