Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مشرقِ وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال: پاکستان سے خلیجی ممالک کی 80 سے زائد پروازیں منسوخ

رمضان کے آخری عشرے کے آغاز کے ساتھ ہی مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدہ صورتحال کے اثرات پاکستان میں فضائی سفر پر بھی واضح طور پر دکھائی دے رہے ہیں۔
بدھ کے روز ملک کے مختلف ایئرپورٹس سے خلیجی ممالک کے لیے متعدد پروازیں منسوخ کر دی گئیں جس کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
ایوی ایشن حکام کے مطابق بدھ کے روز پاکستان سے خلیجی ریاستوں کے مختلف شہروں کے لیے مجموعی طور پر 84 پروازیں منسوخ ہوئیں۔
اعداد و شمار کے مطابق کراچی ایئرپورٹ سے مشرقِ وسطیٰ جانے والی 20 پروازیں منسوخ ہوئیں، جبکہ اسلام آباد ایئرپورٹ سے 18 پروازیں روانہ نہ ہو سکیں۔ اسی طرح لاہور ایئرپورٹ پر بھی 18 پروازیں منسوخ کی گئیں۔
حکام کے مطابق پشاور ایئرپورٹ سے 16 پروازیں منسوخ ہوئیں، جبکہ ملتان ایئرپورٹ سے چار اور سیالکوٹ ایئرپورٹ سے آٹھ پروازیں شیڈول کے مطابق روانہ نہ ہو سکیں۔
منسوخ ہونے والی پروازوں میں امارات، اتحاد ایئر ویز، گلف ایئر، ایئر عربیہ، پی آئی اے، ایئر بلیو اور قطر ایئرویز سمیت متعدد ملکی و غیر ملکی ایئرلائنز کی پروازیں شامل ہیں۔
ایوی ایشن ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ 12 روز کے دوران پاکستان سے خلیجی ممالک کے لیے منسوخ ہونے والی پروازوں کی تعداد 1300 سے تجاوز کر چکی ہے۔
مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگی صورتحال کے باعث متحدہ عرب امارات، قطر، ایران، کویت اور بحرین کی فضائی حدود بند ہونے سے پروازوں کا معمول شدید متاثر ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق 28 فروری سے ہزاروں پاکستانی مختلف خلیجی ممالک میں پھنسے ہوئے ہیں، جبکہ دوحہ، دبئی، ابو ظہبی، شارجہ اور بحرین سمیت چند ایئرپورٹس سے محدود پیمانے پر ریلیف پروازوں کی مشروط اجازت دی جا رہی ہے۔
دوسری جانب فیصل آباد ایئرپورٹ پر بدھ کے روز کچھ خلیجی مقامات کے لیے بین الاقوامی پروازوں کا آپریشن جزوی طور پر بحال ہو گیا ہے اور چند پروازیں معمول کے مطابق روانہ ہونا شروع ہو گئی ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان میں عیدالفطر سے قبل بیرونِ ملک سفر کرنے والے مسافروں کو اس سال غیر معمولی مشکلات کا سامنا ہے۔
ایک طرف مشرقِ وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال کے باعث پروازوں کی تعداد کم ہو چکی ہے تو دوسری جانب دستیاب پروازوں میں پہلے ہی مسافروں کا غیر معمولی رش موجود ہے۔
اس کے علاوہ حکومت کی جانب سے کمرشل طیاروں میں استعمال ہونے والے جیٹ فیول کی قیمت میں بڑے اضافے نے فضائی سفر کو مزید مہنگا بنا دیا ہے۔
ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن کے رہنما ندیم شریف کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال میں ملکی اور بین الاقوامی ایئر لائنز کی ٹکٹوں کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
انہوں نے اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک جانب پروازوں کی تعداد کم ہو گئی ہے، جبکہ دوسری طرف گزشتہ 12 دن کے تعطل کے باعث مسافروں کی تعداد غیر معمولی طور پر بڑھ چکی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جیٹ فیول کی قیمت میں بڑے اضافے کے باعث ایئرلائنز اپنے اخراجات پورے کرنے کے لیے کرایوں میں اضافہ کر رہی ہیں۔
ندیم شریف کے مطابق عیدالفطر سے قبل پاکستان آنے اور واپس جانے والے مسافروں کی تعداد ہر سال بڑھ جاتی ہے۔
’خلیجی ممالک میں کام کرنے والے پاکستانی خاص طور پر رمضان کے آخری دنوں میں چھٹی لے کر اپنے گھروں کا رخ کرتے ہیں، جبکہ عمرہ کی ادائیگی کے لیے جانے والے زائرین کی تعداد بھی اس عرصے میں زیادہ ہوتی ہے۔‘

 

شیئر: