امارات میں عید الفطر کی تعطیلات کب سے؟
جمعرات 21 اپریل 2022 23:35
متحدہ عرب امارات کی منسٹرز کونسل نے کہا ہے کہ اس سال عید الفطر کی چھٹی 7 دن ہوگی۔ شروعات 30 اپریل سنیچر سے ہوگی۔ چھٹی کا آخری دن جمعہ 6 مئی ہوگا۔ سرکاری دفاتر پیر 9 مئی سے کھلیں گے۔
الامارات الیوم کے مطابق اس سے قبل فیڈرل اتھارٹی فار گورنمنٹ ہیومن ریسورسز نے کہا تھا کہ اس سال امارات کے سرکاری اور نجی اداروں میں عید الفطر کی تعطیلات 29 رمضان 1443ھ مطابق 30 اپریل 2022 سے تین شوال مطابق 4 مئی 2022 تک ہوں گی۔
اماراتی خبررساں ادارے وام کے مطابق فیڈرل اتھارٹی فار گورنمنٹ ہیومن ریسورسز نے عید الفطر کی چھٹی کا جو اعلان کیا تھا وہ 2021 کے دوران سرکاری اور نجی اداروں کی تعطیلات سے متعلق منسٹرز کونسل کے فیصلے کی بنیاد پر تھا۔
اماراتی کابینہ نے جمعرات کو خصوصی اجلاس میں عید الفطر کی چھٹی سے متعلق نیا فیصلہ جاری کیاہے۔ اس کے مطابق عید کی چھٹی سات دن کی ہوگی جبکہ 7 دن بعد سنیچر اور اتوار کی ہفتہ وار چھٹیاں بھی اس کا حصہ بن جائیں گی جس سے عملی طور پر سرکاری ملازمین کو 7 کے بجائے 9 دن کی چھٹی ملے گی۔
اتھارٹی نے اس موقع پر امارات کے سربراہ شیخ خلیفہ بن زاید آل نہیان، نائب صدر شیخ محمد بن راشد آل مکتوم اور ابوظبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید آل نہیان نیز اماراتی ریاستوں کی سپریم کونسل کے ارکان کو مبارکباد پیش کی اور دعا کی کہ اللہ تعالی سب کو صحت و عافیت سے رکھے۔
اتھارٹی نے متحدہ عرب امارات کے عوام، عربوں اور امت مسلمہ کو بھی عید الفطر کی پیشگی مبارکباد دے دی۔