صومالی قزاقوں نے یمن کے ساحل سے اماراتی بحری جہاز ہائی جیک کر لیا: سکیورٹی حکام
سکیورٹی حکام نے بتایا ایم وی ماسا ورگو پر عملے کے 19 ارکان سوار ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)
سکیورٹی حکام نے سنیچر کو اے ایف پی کو بتایا بحری قزاقوں نے ماہی گیروں کے بھیس میں یمن میں صومالی پناہ گزینوں کے درمیان چھپ کر یمنی ساحل کے قریب متحدہ عرب امارات کے ایک بحری جہاز کو ہائی جیک کر لیا۔
بحری قزاقوں نے ہارن آف افریقہ کے پانیوں میں اپریل سے اب تک کم از کم 16 حملے کیے ہیں۔ 2013 کے بعد سے بحری قزاقی سے سب سے زیادہ واقعات ہیں۔
برطانوی ایجنسی یونائیٹڈ کنگڈم میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز (یو کے ایم ٹی او) نے بتایا ’حملہ آوروں نے یمن کے ساحلی شہر بلحاف سے تقریبا 120 کلو میٹر دور جنوب مغرب میں ایک بحری کارگو جہاز کو ہائی جیک کیا ہے۔‘
صومالی ریاست پنٹ لینڈ جو قزاقوں کے نیٹ ورک کا مرکز ہے تین سکیورٹی اہلکاروں نے اے ایف پی کو بتایا ’ایم وی مارسا ورگو متحدہ عرب امارات میں قائم کمپنی مارسا اوشین کی ملکیت ہے، پانامہ کے پرچم تلے آپریٹ کر رہا ہے۔‘
’جہاز کو چھ صومالی مسلح افراد نے ہائی جیک کیا جو پنٹ لینڈ سے ماہی گیر کشتی میں نکلے اور خلیج عدن کو عبور کرکے یمن پہنچے تھے۔‘
سکیورٹی اہلکاروں نے یمن میں صومالی پناہ کزینوں کے ذرائع کے ذریعے قزاقوں کی موومنٹ کا پتہ لگایا ہے۔
حکام کے مطابق یمن پہنچنے کے بعد حملہ آور بچنے کے لیے جنوبی یمن میں موجود صومالی پناہ گزینوں کے درمیان چھپ گئے۔
ایک اہلکار نے بتایا انہوں نے ہائی جیکنگ کے لیے مقامی کمیونٹی سے ہتھیار حاصل کیے، یہ پہلی مرتبہ ہے صومالی قزاقوں نے یمنی سرزمین استعمال کرکے کوئی حملہ کیا ہے۔
سکیورٹی حکام نے بتایا ایم وی ماسا ورگو پر عملے کے 19 ارکان سوار ہیں اور تمام نے خود کو سیف روم میں بند کر لیا۔ جہاز کا رخ اب صومالی پانیوں کی جانب موڑا جا رہا ہے۔
برطانوی ایجنسی یونائیٹڈ کنگڈم میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز نے تصدیق کی کہ بحری قزاقوں نے جہاز پر مکمل کنٹرول حاصل کرلیا۔
بحری قزاقی ایک ایسے وقت میں شپنگ کمپنیوں کے لیے ایک اضافی خطرہ ہے۔ مشرق وسطی کی جنگ میں لپیٹ میں آنے سے جزیرہ نما عرب میں بحری جہازوں کو مسلسل نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ اس جنگ میں ایک طرف امریکہ اور اسرائیل دوسری جانب ایران اوراس کی اتحادی قوتیں برسرپیکار ہیں۔
یمن میں ایران کی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا نے بھی خطے میں جہاز رانی کو نشانہ بنایا ہے۔
