Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پنجاب کی نئی کابینہ نے حلف اٹھا لیا، کون کون شامل ہے؟

گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے کابینہ کے ارکان سے حلف لیا (فوٹو: گورنر ہاؤس)
پاکستان کے سب سے بڑے صوبہ پنجاب کی نئی کابینہ کے ارکان نے حلف اٹھا لیا ہے۔ 
سنیچر کو لاہور میں گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے کابینہ میں شامل ارکان سے حلف لیا۔
حلف اٹھانے والے ارکان میں میاں اسلم اقبال، محسن لغاری، میاں اسلم اقبال، راجہ بشارت، تیمور ملک، عنصر نیازی، راجہ یاسر ہمایوں، منیب سلطان چیمہ، ڈاکٹر یاسمین راشد، خرم شہزاد ورک، محمد ہاشم سمیت 21 ارکان شامل ہیں۔
چوہدری پرویز الٰہی کی جانب سے وزارت اعلٰی کا حلف اٹھانے کے بعد کابینہ کی تشکیل قدرے تاخیر سے سامنے آئی ہے۔
قبل ازیں مسلم لیگ ق کے قریبی حلقوں کا کہنا تھا کہ کابینہ کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ تعداد کے حوالے سے تھی۔
چوہدری پرویز الٰہی بڑی کابینہ کے حق میں تھے جب کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اس بار پنجاب کی کابینہ چھوٹی رکھنا چاہتے تھے۔
عمران خان کی ایک شرط یہ بھی تھی کہ مسلم لیگ ق کا کوئی وزیر کابینہ میں شامل نہیں ہوگا۔  
ایک ہفتہ جاری رہنے والی اس کشمکش کا اختتام بالآخر اس وقت ہوا تھا جب عمران خان کی شرائط پر 22 رکنی کابینہ کا اعلان کیا گیا اور اس میں ق لیگ کا ایک بھی وزیر نہیں تھا۔  
اس صورت حال کو ق لیگ کے رہنما چوہدری مونس الٰہی نے ایک ٹویٹ کے ذریعے کچھ اس طرح سمیٹا کہ ’ابھی یہ کابینہ کا پہلا مرحلہ ہے، ابھی دوسرا مرحلہ ابھی آئے گا۔‘
دوسرا بڑا مسئلہ کابینہ کے حلف کا تھا جس کے بارے میں خیال یہی تھا کہ مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نئی کابینہ سے حلف نہیں لیں گے، تاہم ایسا نہیں ہوا اور انہوں نے ہی کابینہ ارکان سے حلف لیا ہے۔
وزیراعلٰی پنجاب پرویز الٰہی کی کابینہ میں زیادہ تر وزرا وہی ہیں جو سابق وزیراعلٰی عثمان بزدار کے دور میں وزیر رہے، حتٰی کہ ان کو وزارتیں بھی وہی دی گئی ہیں جو گذشتہ حکومت میں ان کے پاس تھیں۔  
سابقہ وزرا جو اب نئی کابینہ میں بھی ہیں، ان میں یاسمین راشد، مراد راس، میاں اسلم، راجا بشارت، انصر مجید نیازی، تیمور ملک، راجا یاسر ہمایوں اور میاں محمود الرشید شامل ہیں۔  
اسی طرح اس کابینہ میں کچھ نئے چہرے بھی شامل کیے گئے ہیں جن میں علی افضل ساہی، خرم شہزاد ورک جبکہ عمر چیمہ جو اس سے قبل گورنر پنجاب رہے ہیں کو مشیر برائے اطلاعات بنایا گیا ہے۔  

شیئر: