Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی بیرسٹر سیف کے وارنٹ گرفتاری جاری

بیرسٹر محمد علی سیف کے وارنٹ گرفتاری ایس ایچ او تھانہ بھارہ کہو کو ارسال کر دیے گئے ہیں۔ (فائل فوٹو: اردو نیوز)
وزیراعلٰی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی بیرسٹر محمد علی سیف کے مارگلہ کی پہاڑیوں پر قدرتی حسن تباہ کرنے کے مقدمے میں وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے گئے ہیں۔
جمعرات کو سینیئر سپیشل مجسٹریٹ سی ڈی اے سردار آصف نے ملزم کی مسلسل عدم حاضری پر وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔
بیرسٹر محمد علی سیف کے وارنٹ گرفتاری ایس ایچ او تھانہ بھارہ کہو کو ارسال کر دیے گئے ہیں۔
سینیئر سپیشل مجسٹریٹ سی ڈی اے نے اسلام آباد پولیس کو بیرسٹر محمد علی سیف کو 11 جنوری کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔
واضح رہے کہ بیرسٹر محمد علی سیف کے خلاف مارگلہ کی پہاڑیوں پر توڑ پھوڑ کر کے قدرتی حسن تباہ کرنے کا مقدمہ سنہ 2018 سے زیر سماعت ہے۔
بیرسٹر محمد علی سیف کے خلاف لینڈ سکیپ آرڈیننس اور انوائرمنٹل ریگولیشن 2008 اور ایم ایل آر 82 کے تحت مقدمہ درج ہے۔
دوسری جانب بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ یہ کئی سال پرانا اور مردہ کیس ہے۔
ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ ’پتہ نہیں اچانک سی ڈی اے کو یہ کیس کیسے یاد آ گیا۔ مقدمے پر کارروائی سے متعلق مجھے کبھی مطلع نہیں کیا گیا۔ میرے وکلا قانونی طور پر اس کیس کو دیکھیں گے۔‘

شیئر: