Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ترین گروپ کا عشائیہ: عمران خان کے سابق قریبی ساتھیوں کی شرکت، نئی پارٹی کا اعلان آج

جہانگیر ترین گروپ کی جانب سے عشائیے کا اہتمام علیم خان نے اپنی رہائش گاہ پر کیا تھا (فوٹو: جہانگیر ترین فیس بُک)
بدھ کی شب لاہور میں جہانگیر ترین گروپ کی جانب سے علیم خان کی رہائش گاہ پر ایک عشائیے کا اہتمام کیا گیا جس میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے سابق قریبی ساتھیوں اور سینیئر رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔ 
عشائیے میں سندھ سے سابق گورنر عمران اسماعیل، سابق وفاقی وزیر علی زیدی، سابق رکن قومی اسمبلی محمود مولوی اور جے پرکاش نے شرکت کی۔
پنجاب سے پی ٹی آئی کے سابق سیکریٹری جنرل عامر کیانی، فواد چوہدری، میاں جلیل شرقپوری، مراد راس، فردوس عاشق اعوان اور فیاض الحسن چوہان بھی عشائیے میں شریک ہوئے۔
اس کے علاوہ نعمان لنگڑیال، ملتان سے سابق رکن صوبائی اسمبلی ظہیر الدین علیزئی، جاوید انصاری، طارق عبداللہ اور دیگر نے بھی عشائیے میں شرکت کی۔ 
سابق معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے عشائیے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نئی پارٹی کا باقاعدہ اعلان بھی کیا۔
 ان کا کہنا تھا کہ پنجاب اور ملک بھر سے 100 سے زائد رہنماؤں نے عشائیے میں شرکت کی اور جہانگیر ترین، علیم خان اور باقی ٹیم پر اعتماد کا اظہار کیا۔. 
فردوس عاش اعوان نے نئی پارٹی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ’ہماری استحکام پاکستان پارٹی ایک نئے روشن، درخشاں اور مستحکم پاکستان کی بنیاد رکھنے جا رہی ہے۔‘  
انہوں نے بتایا کہ ’استحکام پاکستان پارٹی کے قیام کا باضابطہ اعلان آج (جمعرات کو) کیا جائے گا۔

ترین گروپ کے عشائیے میں سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری بھی شریک ہوئے (فوٹو: جہانگیر ترین فیس بُک)

فردوس عاشق اعوان کے مطابق ’عشائیے میں شرکت کرنے والے رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کو مشکلات سے نکال کر استحکام کی طرف لے کر جانا ہے، جس کی آج اینٹ رکھ دی گئی ہے۔‘ 
عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی سندھ کے سابق صدر اور وفاقی وزیر علی زیدی نے علیم خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’جو 9 مئی کو ہوا میرا نہیں خیال کہ پی ٹی آئی کبھی اس کے لیے بنی تھی۔‘
 انہوں نے مزید کہا کہ ’ہم نے اپنی بڑی کوشش کی چیزیں مشاورت سے ہوں لیکن انسان کوشش ہی کرسکتا ہے۔ کامیابی اور ناکامی اللہ کے ہاتھ میں ہے۔‘
اُردو نیوز کو ذرائع نے بتایا ہے کہ آج (جمعرات کو) لاہور کے نجی ہوٹل میں جہانگیر ترین اپنی نئی پارٹی کے نام کا باقاعدہ اعلان کریں گے۔
اطلاعات کے مطابق جہانگیر ترین علاج کے سلسلے میں 9 جون کو ایک ہفتے کے لیے برطانیہ جارہے ہیں اور بیرون ملک سے واپسی کے بعد وہ عوامی جلسوں کا انعقاد کریں گے۔

شیئر: