بس ڈرائیور نے میرے بیٹے کو دو دفعہ کچلا ہے، طالبعلم کے والد کا بیان
’بیٹا اگلے ٹائر کے نیچے آگیا جسے کچل کر بس آگے نکل گئی اور پھر بچھلے ٹائر سے کچل دیا‘ ( فوٹو: سبق)
دمام میں بس سے کچلے جانے والے سرکاری سکول کے طالبعلم کے والد نے کہا ہے کہ بس ڈرائیور نے میرے بیٹے کو دو مرتبہ کچلا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق انہوں نے کہا ہے کہ ’میرے دو بیٹے بس کے ذریعہ سکول آتے اور جاتے ہیں اور دونوں ایک ہی بس میں ہیں‘۔
’حادثے کے وقت دونوں بس سے اترے تھے مگر بس ڈرائیور کی لا پروائی کی وجہ سے ایک بیٹا اگلے ٹائر کے نیچے آگیا جسے کچل کر بس آگے نکل گئی اور پھر بچھلے ٹائر سے کچل دیا‘۔
’ لا پروائی کا عالم یہ ہے کہ بچے کو کچلنے کے بعد ڈرائیور بس لے کر نکل گیا اور آگے جاکر لوگوں نے اسے روکا ہے‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’میں مانتا ہوں کہ جو کچھ ہوا وہ مقدر کا حصہ ہے لیکن سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا ہمارے بچے محفوظ ہاتھوں میں ہیں‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’اس طرح کے واقعات آئندہ نہ ہوں اس کے لیے ہمیں کیا کرنا چاہئے‘۔