حج 2025: 88 سالہ معمر مصری کی زندگی بھر کی خواہش پوری ہو رہی ہے
حمد نے کہا کہ ان کے والد چلنے اور سننے میں مشکلات کے باوجود تمام مناسک خود ادا کرنے پر اصرار کر رہے ہیں۔ (فوٹو: عرب نیوز)
98 سالہ مصری عازم حج احمد تمیم حج کی ادائیگی کے ذریعے اپنی زندگی کی ایک دیرینہ خواہش پوری کر رہے ہیں۔
تمیم مصر کے صوبہ سوہاج کے رہائشی ہیں، جو دریائے نیل کے مغربی کنارے پر واقع ہے۔
احمد تمیم رواں سال کے حج کے لیے آنے والے معمر حجاج میں سے ایک ہیں۔
وہ 18 مئی کو اپنے بیٹے کے ساتھ مدینہ پہنچے تاکہ اس مقدس سفر کا آغاز کر سکیں جو ہر اُس مسلمان پر فرض ہے جو جسمانی اور مالی طور پر اس کی استطاعت رکھتا ہو۔
وہ ان 13 ہزار 62 مصری عازمین میں شامل ہیں جنہیں اس سال حج کے لیے قرعہ اندازی کے ذریعے منتخب کیا گیا۔
ان کے بیٹے محمد نے عرب نیوز کو بتایا کہ یہ سب ایک فون کال سے شروع ہوا۔ میرے دوستوں نے کہا کہ حج کی قرعہ اندازی کھلی ہوئی ہے، کیا تم اپنے والد کے لیے درخواست نہیں دو گے؟
’میں نے قرعہ اندازی مشن سے رابطہ کرنے کی کوشش کی، اور انہوں نے بتایا کہ کل آخری دن ہے، اور جو بھی ابھی تک درخواست نہیں دے سکا، وہ دے سکتا ہے۔‘
’اس وقت ہم نے ابھی تک درخواست نہیں دی تھی، لیکن اس کال کے بعد میں نے اپنے والد کے لیے درخواست دینے کا فیصلہ کیا، اور شکر ہے کہ ان کا نام ان کی عمر کی وجہ سے ریزرو لسٹ میں شامل کر لیا گیا۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’ہر سال وہ حج یا عمرہ کی خواہش کرتے تھے۔ اس بار جب انہیں پتا چلا کہ ان کا نام نکلا ہے، تو ان کی آنکھوں میں خوشی کے آنسو آ گئے اور وہ یقین نہیں کر پا رہے تھے۔‘
حمد نے کہا کہ ان کے والد چلنے اور سننے میں مشکلات کے باوجود تمام مناسک خود ادا کرنے پر اصرار کر رہے ہیں۔
’وہ ہمیشہ کہتے تھے، یہ ایک موقع ہے جو اللہ نے میرے لیے چنا ہے، اور میں اسے مکمل طور پر محسوس کرنا چاہتا ہوں۔‘
محمد نے مزید کہا کہ ’سوہاج میں ہر کوئی میرے والد کے لیے خوش ہے، کیونکہ وہ نہ صرف سب سے عمر رسیدہ حاجی ہیں بلکہ وہ صوبے میں ایک بہت ہی معزز اور دیندار شخصیت بھی ہیں۔‘
’اللہ ان کا حج قبول فرمائے، اور ہم سب بہت خوش ہیں کہ وہ آخرکار حج پر جا سکے۔‘