عازمین حج صبح 10 سے شام 4 بجے تک خیموں میں رہیں
’مشاعر مقدسہ کے درمیان اجتماعی طور پر پیدل چلنے سے گریز کریں‘ ( فوٹو: واس)
وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے شدید گرمی کے باعث عازمین حج کو ہدایت کی ہے کہ وہ صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک خیموں میں رہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق انہوں نے کہا ہے کہ ’عرفات میں ازدحام اور ہجوم سے بچنا ضروری ہے‘۔
وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے عازمین سے اپیل کی ہے کہ وہ حج کے ایام میں اپنے مناسک کو آسانی اور سلامتی کے ساتھ ادا کرنے کے لیے جاری کردہ انتظامی ہدایات کی پابندی کریں۔
انہوں نے مشاعر مقدسہ کے درمیان اجتماعی طور پر پیدل چلنے سے گریز کی ہدایت کی کیونکہ یہ عمل خطرناک ہو سکتا ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ مزدلفہ کی جانب روانگی کے لیے سرکاری طور پر منظور شدہ ٹرانسپورٹ کے ذرائع استعمال کیے جائیں تاکہ آمد و رفت کی روانی برقرار رہے اور عازمین کے لیے محفوظ ماحول مہیا کیا جا سکے۔
دریں اثنا وزیر حج و عمرہ نے مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ کے کئی مقامات کا دورہ کیا جہاں انہوں نے تیاریوں کی پیشرفت اور حجاج کرام کو فراہم کی جانے والی سہولیات کاجائزہ لیا ہے۔