عسیر اور جازان میں بارش، مکہ اور مدینہ میں غبار
’مکہ مکرمہ کے علاوہ دیگر متعدد شہروں میں رات 10 بجے تک گرد وغبار رہے گا‘ ( فوٹو: سبق)
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آج جمعرات کو عسیر اور جازان میں مطلع ابر آلود رہے اور دن بھر غیر یقینی موسمی صورتحال رہے گی۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق محکمے نے کہا ہے کہ ’عسیر اور جازان کے بیشتر شہروں میں کہیں درمیانے درجے کی بارش ہوگی جبکہ بعض میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ہوگی‘۔
ادھر مکہ مکرمہ کے حوالے سے محکمے نے بتایا ہے کہ ’مکہ مکرمہ شہر کے علاوہ القنفذہ، اللیث، الشعیبہ، العرضیات اور اضم میں صبح 9 بجے رات 10 بجے تک گرد وغبار رہے گا‘۔
’ہائی وے اور دیگر کھلے مقامات میں گرد آلود تیز ہوا چلے گی جبکہ حد نگاہ محدود رہے گی‘۔
’اس سے ملتی جلتی صورتحال مدینہ منورہ میں بھی ہوگی جہاں بدر، وادی الفرع، المہد، الحناکیہ اور ینبع میں 49 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چلے گی جبکہ ساحلی علاقے زیادہ متاثر ہوں گے‘۔
محکمے نے کہا ہے کہ ’ریاض ریجن کے بیشتر شہروں کے علاوہ مشرقی ریجن میں بھی آج گرد ہے جہاں گرم ہوا چلے گی جبکہ بعض علاقوں میں حد نگاہ متاثر ہوگی‘۔