پاکستان کی مشہور ماڈل اور اداکارہ ہانیہ عامر نے اپنی آنے والی پنجابی ہارر کامیڈی فلم ’سردار جی 3‘ کا ٹریلر سوشل میڈیا پر شیئر کیا جس میں انہوں نے انڈین گلوکار و اداکار دلجیت دوسانجھ کے ساتھ کام کیا ہے۔
ادکارہ نے اعلان کیا کہ فلم 27 جون سے سوائے انڈیا کے دنیا بھر میں نمائش کے لیے پیش کی جا رہی ہے۔
پاکستان اور انڈیا کے درمیان سیاسی کشیدگی کے باعث کئی برس سے ایک ملک کے فنکار دوسرے ملک کی فلموں میں کام نہیں سکتے۔
مزید پڑھیں
-
کیا پاکستانی فنکاروں پر بالی وڈ کے دروازے اب بند ہو گئے ہیں؟Node ID: 889843
انڈین فلمسازوں کی جانب سے 2016 میں پاکستانی فنکاروں پر غیراعلانیہ پابندی عائد کی گئی جبکہ دوسری جانب 2019 میں تنازع کشمیر پر خراب ہوتے تعلقات کے باعث پاکستان میں انڈین فلموں کی نمائش پر پابندی لگا دی تھی۔
دونوں ممالک میں پہلے سے موجود کشیدگی میں پچھلے مہینے اس وقت بہت اضافہ دیکھنے میں آیا جب دونوں کے درمیان فوجی تصادم ہوا جس کے بعد امریکہ کی ثالثی میں دونوں کے درمیان جنگ بندی ہوئی۔
رواں ماہ بعض انڈین اشاعتی اداروں کی جانب سے بتایا گیا کہ متذکرہ فلم میں ہانیہ عامر کے مرکزی کردار کو تبدیل کر دیا گیا ہے۔
ہانیہ عامر نے ٹریلر شیئر کرتے ہوئے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر لکھا کہ ’سردار جی تھری 27 جون کو صرف بیرون ملک ریلیز ہو رہی ہے۔‘

اسی طرح دلجیت دوسانجھ نے اپنے انسٹاگرام کے ذریعے یہ تصدیق کی کہ فلم انڈیا میں ریلیز نہیں کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کم و بیش وہی الفاظ اپنی پوسٹ کے ساتھ لکھے جو ہانیہ عامر نے لکھے۔
اس فلم کے ہدایت کار عامر ہنڈال ہیں جبکہ اس میں ہانیہ عامر اور دلجیت دوسانجھ کے علاوہ گلشن گروور، نیرو باجوہ جاسمین باجوہ اور مناؤ جی نمایاں کرداروں میں نظر آئیں گے۔
سردار جی 3 کے ٹریلر میں دکھایا گیا ہے کہ ہانیہ عامر اور نیرو باجوہ دونوں دلجیت کے قابل رومانوی کردار ادا کر رہی ہیں۔ وہ تینوں برطانیہ کی عمارت میں موجود ایک بھوت کی تلاش میں نکلتے ہیں اور ان کا مشن اس ’روح‘ کو عمارت سے نکالنا ہوتا ہے۔
پاکستانی اداکار فواد خان اور انڈین اداکارہ وانی کپور کی فلم ’عبیر گلال‘ انڈیا میں نو مئی کو ریلیز ہونا تھی، تاہم اپریل میں پہلگام میں ہونے والے واقعے کے بعد براڈکاسٹنگ انڈسٹری کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ فلم کی نمائش کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
