’یہ ہانیہ کا دور ہے‘، دلجیت نے پاکستانی ’سپر سٹار‘ کو سٹیج پر بلا لیا
دلجیت دوسانجھ نے لندن میں اپنے کنسرٹ میں ہانیہ عامر کو سٹیج پر آنے کی دعوت دی۔ فوٹو: ہندوستان ٹائمز
انڈیا کے مشہور پاپ گلوکار دلجیت دوسانجھ اپنے ’دل لیومیناٹی‘ کنسرٹ ٹوور کے لیے مختلف ممالک میں میوزک شو کر رہے ہیں اور ایسا ہی ایک شو جمعے کو لندن کے او ٹو ایرینا میں بھی منعقد ہوا۔
اس کنسرٹ میں پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر بھی دکھائی دیں جنہیں دلجیت دوسانجھ نے سٹیج پر آنے کی دعوت دی۔
دل لیومیناٹی ٹوور کے تحت برطانیہ کے شہر برمنگھن میں ہونے والے کنسرٹ میں دلجیت دوسانجھ نے برطانوی گلوکار ایڈ شیرین کے ساتھ مل کر پرفارم کیا جبکہ لندن میں ہونے والے کنسرٹ میں انہوں نے بالی وڈ کے مشہور ریپر بادشاہ کے ساتھ پرفارمنس دی۔
برطانیہ میں ہونے والے شو میں پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر بھی موجود تھیں جو سٹیج کے قریب کھڑی کنسرٹ کو بھرپور انجوائے کر رہی تھیں۔
اس شو کی متعدد تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ہیں جن میں سے ایک میں ہانیہ عامر کو بھی سٹیج پر دیکھا جا سکتا ہے۔
ایک ویڈیو میں دلجیت دوسانجھ ہانیہ عامر کو ’سپر سٹار‘ کہتے ہوئے سٹیج پر آنے کی دعوت دیتے ہیں جبکہ شائقین بھی اپنے نعروں سے پاکستانی اداکارہ کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں۔
دلجیت اور شائقین کے اصرار پر ہانیہ عامر سٹیج پر جاتی ہیں اور انڈین اداکار اپنا مشہور گانا ’لَو‘ گاتے ہیں جس پر ہانیہ عامر تالیاں بجا رہی ہیں۔
دلجیت نے اپنا گانا ختم کیا تو پاکستانی اداکارہ نے انڈین گلوکار اور کنسرٹ میں موجود شائقین کا بھرپور شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر دلجیت دوسانجھ نے ہانیہ عامر سے کہا کہ ’میں آپ کا اور آپ کے کام کا فین ہوں۔ آپ بہت اچھا کام کر رہی ہیں۔ شکریہ آنے کا۔ آپ آئیں آپ کا بہت شکریہ۔‘
ہانیہ عامر نے بھی دلجیت کے ساتھ ویڈیو انسٹاگرام سٹوریز پر شیئر کی اور دلجیت کو بھی ٹیگ کیا۔
ہانیہ عامر انڈین گلوکار دلجیت دوسانجھ کی بہت بڑی فین ہیں اور اکثر ان کے گانوں پر گنگناتے ہوئے ویڈیوز شیئر کرتی رہتی ہیں۔
انسٹاگرام پر پوسٹ کی گئی اس ویڈیو پر ایک فین نے لکھا، ’بہت ہی خوب۔ یہ واقعی سپر سٹار ہیں۔‘
ایک اور صارف نے تبصرہ کیا ’دلجیت اور ہانیہ، کیا جادوئی لمحہ دیکھ رہی ہوں۔ یہ ہانیہ کا دور ہے۔‘