پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے نے سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی سے ٹیلی فون پر رابطہ کر کے ایران کی جانب سے قطر میں امریکی فوجی اڈے پر میزائل حملوں کی اطلاعات پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم ہاؤس سے پیر اور منگل کی درمیانی شب جاری کردہ بیان کے مطابق ’وزیراعظم شہباز شریف نے زور دیا کہ کشیدگی میں کمی اور خطے میں امن کی بحالی کے لیے تمام کوششیں کی جانی چاہییں۔‘
مزید پڑھیں
-
سعودی عرب کی قطر پر ایرانی حملے کی مذمت، مکمل سپورٹ کی پیشکشNode ID: 891342
انہوں نے کہا کہ ’پاکستان امن کی کوششوں کو تیز کرنے کے لیے سعودی عرب کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔‘
بیان کے مطابق ’سعودی سفیر نے اس سنگین پیش رفت کے فوری بعد رابطہ کرنے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا جو خطے کے امن و استحکام کو خطرے میں ڈال سکتی ہے۔‘
’سعودی سفیر نے اس بات سے اتفاق کیا کہ سعودی عرب اور پاکستان کو مشرق وسطیٰ میں جاری تنازعات کے جلد پرامن حل کو یقینی بنانے کے لیے مل کر کام کرنا اور قریبی رابطہ قائم رکھنا چاہیے۔‘
وزیراعظم پاکستان نے پیر ہی کی شب کو قطر کے سفیر علی مبارک الخاطر سے بھی رابطہ کیا اور ایران کی جانب سے قطر میں امریکی فوجی اڈے پر میزائل حملوں کی اطلاعات پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔