ایران نے پیر کو قطر میں امریکی اڈے کی جانب محدود میزائل حملہ کیا ہے تاہم خطے میں کشیدگی بڑھانے سے پیچھے ہٹنے کا بھی اشارہ دیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق روئٹرز اور اے ایف پی نے عینی شاہدین کے حوالے سے دوحہ میں دھماکوں کی اطلاع دی ہے۔
یاد رہے تہران نے اتوار کو جوہری تنصیبات پر امریکی بمباری کے بعد جوابی کارروائی کی دھمکی دی تھی۔
مزید پڑھیں
-
قومی سلامتی کمیٹی کی ایران پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمتNode ID: 891327
قطر کا کہنا ہے کہ ’اس نے امریکی بیس کو نشانہ بنانے والے میزائلوں کو کامیابی سے انٹرسیپٹ کیا جبکہ وہ کسی بھی خطرے سے نمنٹے کے لیے تیار ہے اور بین الاقوامی قانون کے مطابق براہ راست جواب دینے کا حق رکھتا ہے۔‘
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا اس حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ انہوں نے اسے انتہائی کمزو ر ردعمل قرار دیتے ہوئے کہا امریکہ کو ایران کی طرف سے پیشگی خبردار کردیا گیا تھا۔
سوشل میڈیا پر پوسٹ میں انہوں نے کہا’ شاید اب ایران خطے میں امن اور ہم آہنگی کی طرف بڑھ سکتا ہے اور میں ایسا کرنے پر اسرائیل کی بھی حوصلہ افزائی کروں گا۔‘
قطر نے ایئربیس پر حملے کی مذمت کی تاہم کہا کہ ’اس نے مختصر اور درمیانے فاصلے ترک مار کرنے والے بیلسٹک میزائلوں کے حملے کو کابمیابی سے ناکام بنایا ہے۔‘
قطری فورسز کے جوائنٹ آپریشنز کے ڈپٹی چیف آف اسٹاف میجر جنرل شائق مسفر الھاجری نے کہا کہ ’قطری فضائی حدود کے تحفظ کے لیے فضائی دفاعی حکمت عملی اختیار کی گئی جبکہ سمندری حدود کے تحفظ کےلیے بھی جنگی جہازوں کو تیار رکھا گیا ہے۔‘
اپنے بیان میں انہوں نے کہا ’مسلح افواج ریاست کے شہری اور یہاں مقیم غیرملکیوں کی سلامتی کے لیے مستعد ہے۔‘
قطری وزارت داخلہ کے ترجمان کرنل ڈاکٹر حمود جبر النعیمی نے ایکس اکاونٹ پر بیان میں کہا ’رہائشی علاقوں پر میزائل کا ملبہ گرنے کی اطلاعات موصول ہوئی تاہم ان سے کسی قسم کے جانی نقصان یا کسی کے زخمی ہونے کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔‘
وائٹ ہاوس کے ایک سینیئر عہدیدار نے بتایا کہ ’وائٹ ہاوس اور امریکی محکمہ دفاع قطر میں العدید ایئربیس کو ممکنہ خطرات سے آگاہ ہے اور قریبی نظر رکھے ہوئے ہیں۔‘
قطر،کویت اور بحرین نے پیر کو فضائی حدود عارضی طور پر بند کردی ہیں۔
علاوہ ازیں فلائٹ پاتھ ڈیٹا اور ایئر ٹریفک کنٹرول آڈیو کے مطابق متحدہ عرب امارات نے بھی فضائی حدود کو عارضی طور پر بند کردیا ہے۔
بحرین کی وزارت داخلہ نے ایکس اکاونٹ پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ ’منامہ میں سائرن بجے ہیں، شہریوں اور رہائشیوں کو پرسکون رہنے اور قریب ترین محفوظ مقام کی طرف جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔‘
اس سے قبل قطر نے خطے میں کشیدگی بڑھنے پر پیر کو اپنی فضائی حدود کو عارضی طور پر بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔
قطری وزارت خارجہ نے ایک بیان میں اس فیصلے کو شہریوں، رہائشیوں اور وزیٹرز کی سیفٹی یقینی بنانے کے لیے ایک احتیاطی قدم قرار دیا ہے۔
وزات نے کہا کہ ’قطر کی سرزمین پر تمام افراد کی سلامتی اور سیفٹی اولین ترجیح ہے۔ دوحہ اس حوالے سے ضروری احتیاطی اقدامات سے گریز نہیں کرے گا۔‘
اس سے قبل قطر میں متعدد سکولوں کو منگل کو بند رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پی آئی اے کا پاکستان سے قطر، بحرین، کویت اور دبئی کا فضائی آپریشن منسوخ
پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) پاکستان سے قطر، بحرین، کویت اور دبئی کا فضائی آپریشن منسوخ کر دیا ہے۔
پی آئی اے کے مطابق پروازوں کے شیڈول کی منسوخی کا فیصلہ خلیجی ممالک میں جنگی صورتحال کے باعث کیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق حالات معمول میں آنے کے بعد پی ائی اے کی پروازیں دوبارہ شروع کردی جائیں گی۔

’ایسے تمام مسافر جو ان پروازوں پر سفر کر رہے تھے، ان سے گزارش ہے کہ اپنی پروازوں سے متعلق بروقت معلومات پی آئی اے کال سینٹر سے حاصل کریں۔‘
ترجمان نے مزید کہا کہ ’پی آئی اے کے ریزرویشن محکمہ نے مسافروں کی بکنگ کو دوسری پروازوں پر منتقلی کا کام شروع کر دیا ہے۔‘