Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیراعظم شہباز شریف سے سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی کی ملاقات

وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے ملاقات کی ہے۔
بدھ کو وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق شہباز شریف نے سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور سعودی  ولی عہد و وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے اپنے پُر خلوص جذبات کا اظہار کیا۔ 
وزیراعظم نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ساتھ 24 جون کی گفتگو کا ذکر کرتے ہوئے مشرق وسطیٰ میں امن کے لیے سعودی عرب کی کوششوں کو سراہا۔
انہوں نے پاکستان اور انڈیا کے درمیان جنگ بندی کے لیے مفاہمت میں سعودی عرب کے اہم کردار کی تعریف کی۔
وزیراعظم نے بتایا کہ پاکستان نے جولائی کے مہینے کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت سنبھال لی ہے اور اس مدت کو سعودی عرب کی حمایت سے گزارنے کے عزم کا اظہار کیا۔
بیان کے مطابق سعودی سفیر نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے کردار پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔

 

شیئر: