’سعودی ورثے کا تحفظ‘ عسیر میں دستکاروں کے لیے تربیتی پروگرام
عسیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے سنہ 2025 میں سوشل ڈیویلپمنٹ بینک کے ساتھ مل کر مرد و خواتین دستکاروں کی تربیت کے کئی پروگراموں پر عمل درآمد کیا۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق اس تربیت کا ایک مقصد ان خواتین اور مرد دستکاروں کی مختلف مہارتوں کو مقامی پروڈکٹس کی مارکیٹ کے ساتھ منسلک کرنا بھی ہے۔
حال ہی میں کئی افراد نے اس سلسلے میں دو ہفتوں پر محیط ایک پروفیشنل پروگرام بھی مکمل کیا۔
اس پروگرام میں ہنر اور مہارتوں پر خاص توجہ دی گئی۔ پروگرام کے تحت پروڈکس کو مارکیٹ کرنے کے طریقے اور پیشہ ورانہ پائیداری کے حصول کی مختلف سٹریٹیجیز بھی تربیتی کورس کا حصہ تھیں۔
اتھارٹی کا کہنا تھا کہ ’ہاتھ سے بنی ہوئی دستکاروں کی ان پروڈکٹس کو ابہا کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر نمائش کے لیے رکھا گیا ہے۔‘
دستکاروں نے اپنے ہاتھوں کے ہنر سے ان اشیا کو سعودی ورثے کے تحائف میں تبدیل کیا دیا ہے جو علاقے کی ثقافت کو اجاگر کرتے ہیں۔ نمائش کی وجہ سے دور بیٹھے صارفین تک رسائی حاصل کر رہے ہیں۔
