’یہ جازان ہے‘ دستکاری کارنر میں کھجور کے پتوں سے بنی ٹوکریاں
ٹوکریوں اور دیگر اشیا کی تیاری کے مراحل سے آگاہ کیا جاتا ہے۔ (فوٹو: ایس پی اے)
جازان فیسٹیول 2026 میں علاقائی دستکاری اور ثقافتی اشیا کی نمائش میں وزیٹرز خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں۔
فیسٹیول میں یہ جازان ہے کہ عنوان سے دستکاری کارنر میں العیدابی کمشنری کا پویلین ایک غیرمعمولی اور ثقافتی مقام بن گیا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق علاقے کی قدیم روایت کی عکاسی کرتے ہوئے کھجور کے خشک پتوں سے بنائی جانے والی ٹوکریوں اور دیگر اشیا کی تیاری کے مراحل سے وزیٹرز کو آگاہ کیا جاتا ہے۔
جازان سے تعلق رکھنے والی صالحہ الغزوانی نے ٹوکری کی بنائی کا لائیو مظاہرہ کیا، ان کے فن کو دیکھ کر وہاں آنے والے متاثر ہوئے بغیر نہیں رہتے۔

سعودی خاتون اپنے فن میں اس قدر مہارت کی رکھتی ہیں کہ انہیں ٹوکریاں بناتے دیکھ کر ہر شخص ان کے فن کا قدر دان ہو جاتا ہے۔
صالحہ الغزوانی نے بتایا ’کھجور کے خشک پتوں سے ٹوکریاں اور دیگر اشیا تیار کرنا علاقے کی قدیم ثقافت ہے جو اب یہاں کی شناخت بن گئی ہے۔‘

ان کا کہنا تھا ’یہ جیزانی فن ہے جو ماضی اور حال کے درمیان مستحکم پل کی حیثیت اختیار کر گیا ہے۔‘
’علاقے کے بیشتر خاندانوں کی معیشت کا بھی اہم ذریعہ ہے جس سے نہ صرف قدیم روایت زندہ ہے بلکہ لوگوں کی معاش بھی بہتر ہو رہی ہے۔‘

جازان فیسٹیول 2026 میں آنے والوں کا کہنا ہے’ دستکاری کے حوالے سے ایسی اشیا دیکھنے کو ملی ہیں جن کے بارے میں یہ سوچا بھی نہیں تھا کہ اتنے ہنر مند یہاں موجود ہیں۔‘
واضح رہے جازان فیسٹیول 25 دسمبر کو شروع ہوا تھا جو 15 فروری 2026 تک جاری رہے گا۔ علاقے کی سیاحتی اور ثقافتی سرگرمیوں کو اجاگر کیا جارہا ہے۔
